کٹھوعہ / گورنمنٹ ڈگری کالج کٹھوعہ میں حیاتیاتی تنوع کے بین الاقوامی دِن کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں جنگلات و ماحولیات کے وزیر راجیو جسروٹیہ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ہم سب کو ماحولیات اور قدرتی وسائل کو تحفظ دینے میں اپنا اپنا رول ادا کرنا چاہیئے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اس حوالے سے طلاب کو ایک ذمہ دارانہ کردار کرنا چاہیئے ۔وزیر نے کہا کہ لوگوں میں جنگلات اور جنگلی حیات کے بارے میں بیداری پیدا کی جانی چاہئیں تاکہ وہ اس کا تحفظ کرسکیں۔سٹیٹ ڈائیورسٹی بورڈ کی سرگرمیوں کا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر نے بورڈ کے ارکان سے کہا کہ تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے اپنے مقاصد حاصل کریں۔جسروٹیہ نے ایس ایف سی ، پی سی بی ، ایس ایف آر آئی اور ایف پی ایف جیسے اداروں کو مستحکم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ڈی سی کٹھوعہ روہت کھجوریہ نے اس دن منانے کے اغراض و مقاصد پیش کئے ۔اس سے پہلے وزیر موصوف نے محکمہ جنگلات کے مختلف شعبوں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا۔ بعد میں انہوں نے سمپوزیم اور مصوری کے مقابلوں میں شریک طلاب میں انعامات تقسیم کئے ۔تقریب میں پی سی سی ایف منوج پنت، چیف وائیلڈ لائف وارڈن روی کیسر ، ایم ڈی ایس ایف سی سریش چُگ، چیئرمین پی سی بی وی سدھارتھ کے علاوہ کئی دیگر افسروں نے بھی شرکت کی۔