درہال //کانگریس کے سینئر لیڈر محمد اقبال ملک کہاہے کہ موجودہ حکومت لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔اپنے ایک پریس بیان میں انہوں نے کہاکہ پھلنی کی عوام پچھلے کئی سال سے پانی کیلئے فریادی ہے لیکن ان کوپانی کی سپلائی فراہم نہیں کی جارہی اور وہ کئی میل دور سے پانی لانے پر مجبور ہورہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بارہا محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین کو مطلع کر نے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ۔ ملک نے کہا کہ کوٹرنکہ بدھل کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی قلت سے نونہال بچوں کا مستقبل تاریکی میں بدل رہا ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ کمیونٹی ہیلتھ سنٹرسنٹر کوٹرنکہ و بدھل میں طبی عملے کی شدید قلت ہے لیکن حکام گہری نیند میں سورہے ہیں۔ان کاکہناتھاکہ غریب عوام کو بدھل سے 60کلو میٹر کی مسافت طے کر کے راجوری ہسپتال آنا پڑتا ہے اورعلاقہ میں 80فیصد سے زائد پرائمری ہیلتھ مراکز برائے نام بن کر رہ گئے ہیںجن سے عوام کوکوئی فائدہ نہین مل رہا۔انہوںنے کہاکہ عملہ ڈیوٹی سے غیرحاضررہتاہے لیکن انہیں پوچھنے والاکوئی نہیں۔ملک نے کہا کہ 2009 میں راجوری بدھل سڑک کی کشادگی کا کام محکمہ گریف نے ہاتھ میں لیا تھا اور آٹھ سال گزر جانے کے بعد بھی اس سڑک کا کام آٹھ فیصد بھی نہ ہوسکاہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ روڈ ایک بدنما دبہ بن گیاہے جس کی وجہ سے ہر ایک کو متاثر ہوناپڑتاہے ۔ان کاکہناتھاکہ مندر گالہ تا پیڑی درہال سڑک کی حالت ایسی بن چکی ہے کہ گھوڑوں کا چلنا بھی محال ہے ۔انہوںنے کہاکہ کوٹرنکہ بدھل میں محکمہ تعمیرات عامہ اور پی ایم جی ایس وائی کے تحت بن رہی سڑکوں کا ابھی تک معاوضہ نہیں دیا گیا۔انہوںنے مزید کہاکہ علاقہ بدھل، ڈھنڈوت ،گبر، گلیر، دراج ،کنڈی میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی اور کنتھول ،گندہ بیلا کے علاوہ درجنوں گائوں آج بھی گھپ اندھیرے میں ہیں لیکن انتظامیہ کو ٹس سے مس نہیں ۔انہوںنے کہاکہ عوامی مسائل حل کئے جائیں۔