راجوری//راجوری کے پریالی گائوں کے لوگوں نے حکام سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے خود ہی سڑک کی تعمیر کاکام شروع کردیاہے ۔ یہ علاقہ ترکنڈی سیکٹر میں واقع ہے جو حد متارکہ کے بالکل قریب واقع ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ گھمبیر براہمناں سے پریالی بذریعہ نائیکہ پنج گرائیں جانے والی سڑک کئی سال قبل تعمیر ہوئی تھی جس پر تارکول نہیں بچھایاگیا جس کی وجہ سے اس کی حالت بہت زیادہ خراب بن گئی ہے ۔رزاق خان نامی ایک شہری نے بتایاکہ انہیں ہندوپاک کشیدگی کے دوران براہ راست گولہ باری اور فائرنگ کا نشانہ بنناپڑتاہے اور اوپر سے گائوں میں بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ سب سے زیادہ مشکل سڑک رابطے کے نہ ہونے کی وجہ سے درپیش ہے ۔محمد زبیر نامی شخص کاکہناہے کہ سڑک کی مرمت لازمی ہے تاہم محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ سے مایوس ہوکر انہوںنے خود ہی اب سڑک کی مرمت کا کام شرو ع کیاہے تاکہ اسے کم از کم آمدورفت کے قابل تو بنایاجاسکے ۔انہوںنے کہاکہ وہ ہر ایک سے فریاد کرتے کرتے تھک چکے ہیں اور اب انہوںنے یہی فیصلہ لیاہے کہ سڑک کی مرمت خود ہی کریںگے ۔رابطہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے کہاکہ اس سڑک کی ٹینڈرنگ حال ہی میں الاٹ کردی گئی ہے اور کام بہت جلد شروع ہوجائے گا۔