جموں//انٹر نیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کی ایک ٹیم نے منگل کے روز سرحدی علاقوں کا دورہ کر کے وہاں حالیہ گولہ باری سے پیدا شدہ حالا ت کا جائزہ لیا۔ پریس ریلیز کے مطابق وفد نے آر ایس پورہ، ارنیہ، جوڑا فارم، نکوال اور چکروئی وغیرہ کے متاثرین کے مسائل کے بارے میں ان سے معلومات حاصل کیں۔ وفد ، جس کی قیادت تنظیم کے ریاستی ڈپٹی ڈائریکٹر پردیپک سنگھ چب کر رہے تھے ، نے مرکزی اور ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرحدی علاقوں میں بسنے والوں کو محفوظ مقامات پر پلاٹ فراہم کرنے کے علاوہ نقصانات کا معائوضہ فراہم کیا جائے۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقوں میں خصوصی بھرتی مہم چلا کر بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی مانگ کی۔انہوں نے سرحدی علاقوں کے مکینوں کے لئے پناہ گاہیں تعمیر کرنے کی بھی مانگ کی تا کہ فائرنگ اور گولہ باری کے دوران وہ ان میں پناہ لے کر اپنی جان بچا سکیں۔ ضلع صدر یوتھ شکتی اپل،اتل چودھری، درپن سنگھ ، منی گپتا اور دیگران بھی وفد میں شامل تھے۔