نوشہرہ //سرحدی متاثرین کی مشکلات کم کرنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر زور دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دیوندر سنگھ رانا نے کہاکہ حد متارکہ پر سیاسی تھیٹر نہ بنایاجائے ۔انہوںنے کہاکہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے جس کا حل انسانی بنیادوں پر ہی ہوناچاہئے ۔ نوشہرہ میں سرحدی متاثرین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے رانا نے کہاکہ وہ تمام سیاسی جماعتوں پر زو ر دیتے ہیں کہ وہ پارٹی سیاست سے بالاتر ہوکر سرحدی عوام کیلئے محفوظ اور بہتر زندگی تلاش کریں ۔رانا نے پارٹی کے دیگر لیڈران ریاستی نائب صدر رتن لعل گپتا، ریاستی سیکریٹری رچھپال سنگھ اور صوبائی یوتھ صدر اعجاز جان کے ہمراہ ریلیف کیمپوں کے علاوہ متاثر ہ علاقوں ننیال ، جھنگڑ اور پکھرنی وغیرہ کا دورہ بھی کیا ۔رانا نے کہاکہ ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنے اور اس معاملے پر سیاست کرنے کے بجائے سبھی کو متحدہ کوششیں کرنی چاہئیں تاکہ سرحدی عوام کی مشکلات کم ہوسکیں اور انہیں ایک اچھی زندگی بسر کرنے کا موقعہ ملے ۔انہوںنے کہاکہ کشیدگی سے حد متارکہ کے قریب رہ رہے لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے اور وہ کئی طرح کے مسائل سے دوچار ہورہے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ ان کے بچے تعلیم حاصل نہیں کرپارہے ۔رانا نے کہاکہ ہمیں ماضی کی غلطیوںسے سبق سیکھتے ہوئے متاثرین کی مشکلات پر توجہ دینی چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ مرکز میں برسراقتدار آنے والی ہر ایک حکومت نے بارہا یہ وعدے کئے کہ ان لوگوں کیلئے پختہ بنکر بنائے جائیںگے ، انہیں محفوظ مقامات پر پلاٹ دیئے جائیںگے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم ہوگازمینی سطح پر کچھ بھی نہیں بدلا اوراس کا نتیجہ ہے کہ جیسے ہی حالات خراب ہوتے ہیں تو سرحدی عوام کی مشکلات بڑھ جاتی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اب وقت آگیاہے کہ ان لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدے ایفا کئے جائیں ا ور ان کے دکھ درد کا مداوا کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت نے ان لوگوں کو زمینیں الاٹ کرنے کیلئے کوئی پہل نہیں کی ۔رانا نے کہاکہ سرحدوں پر امن قائم کیاجائے اور کشیدگی ختم کی جائے ۔انہوںنے کہاکہ سرحدی عوام کادکھ نہ ہی تو نئی دہلی اور نہ ہی سرحد کے دوسری طرف بیٹھے لوگ محسوس کرسکتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ کشیدگی ہندوپاک کے مفاد میں نہیں اس لئے سرحدو ںپر امن و امان کی فضا قائم کی جائے ۔اس دوران انہوںنے ریلیف کیمپوں میں انتظامات پر برہمی کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کی سہولت کیلئے اقدامات نہیں کئے جارہے ۔این سی وفد نے فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت بھی کی ۔وفد میں کلدیپ سنگھ جموال، انیل دھر، شفاعت خان ، بھوشن اپل ، موتی رام ، وپن پال شرما، سردار نرمان سنگھ ، وشو پال گپتا، جسویر سنگھ چب ، نثار احمد ، یشو وردھان سنگھ ، فقیر چند ، سردار چرن سنگھ ، بھارت بھوشن گپتا، شمشیر سنگھ چب ، پشپندر چڈا ، سردار ترلوچن سنگھ ، جتیندر سنگھ چب ، جلاج سنگھ ، بندو کمار ، بھٹی رام ، ہرجیت کمار ، سورو چوہدری اور عابد ماگرے بھی شامل تھے ۔