منجاکوٹ//ضلع راجوری اورپونچھ کے لوگوں کو لائن آف کنٹرول کے نزدیک تاربندی کے اندر اپنی زمینوں تک جانے کیلئے بھی اجازت نہیں ہے ۔ان دنوں گھاس کٹائی کا موسم چل رہاہے اور لوگ چاہتے ہیں کہ وہ تار بندی کے اندر اپنی زمینوں میں جاکر گھاس کاٹیں لیکن فوج کی طرف سے انہیں اجازت نہیں دی جارہی ۔منجاکوٹ کے ایک مقامی شخص محمد فاروق نے بتایاکہ لائن آف کنٹرول کے نزدیک تاربندی کے اندراپنی زمینیں ہونے کے باوجود بھی لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ گاس کٹائی کا چل رہا ہے لیکن آرمی والے زمینوںکی طرف نہیں جانے دیتے ۔ان کاکہناہے کہ دوروز قبل بھی لوگوںکو نہیں جانے دیاگیا اوران سے طرح کے طرح کے لوازمات طلب کئے جاتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ آدھار کارڈ ہونے کے باوجود بھی انہیں اپنی زمینوں میں نہیں جانے دیاجارہا۔فاروق نے کہا کہ فوجی اہلکار کہتے ہیں کہ مقامی سرپنچ کو بلایا جائے جس کے بعد ہی انہیں اجازت دی جائے گی جبکہ انہیں آدھار کارڈ پر جانے کی اجازت ہونی چاہئے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ اگر سرپنچ گائوں میں ہی ہواتو وہ انہیں کئی گھنٹوں بعد اجازت ملتی ہے لیکن اگر وہ نہ ہواتو انہیں واپس لوٹنے پر مجبور کیاجاتاہے ۔ تحصیلدار منجاکوٹ ریاض محمود خان کا اس حوالے سے کہناہے کہ واقعی لوگوں کو پریشانی کاسامناہے تاہم وہ اس معاملے کو ڈپٹی کمشنر راجوری کے سامنے رکھ کر کوئی حل نکلوائیںگے ۔