پونچھ//پونچھ ضلع کا سرحدی علاقہ جھلاس جہاں لوگ ایک جانب پاکستان اور ہندوستان کی فوجوں کے درمیان پیدا کشیدگی کی وجہ سے پریشان ہیں وہی دوسری جانب اس علاقہ کے عوام پانی کی سخت قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔ان لوگوں کی جانب سے آج ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں علاقہ کے خواتین اور مرد سبھی شامل ہوئے اور محکمہ صحت عامہ کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔اس احتجاج کے دوران خطاب کرتے ہوئے مقررین نے محکمہ کے ملازموں پر رشوت خوری کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ ان سے پانی فراہم کرنے کے لئے موٹی موٹی رقومات طلب کررہے ہیں۔ احتجاج کے دوران خطاب کرتے ہوئے محمد شیر خان، کوشلیا دیوی اورہریش چندر نے کہا کہ جھلاس میں پانی کی قس قدر کمی ہے کہ لوگ بارش کا پانی ابھال کر پی رہے ہیں اور یہی پانی مال موشیوں کو پلاتے ہیں اور اسی سے کپڑے وغیرہ دھو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس وسائیل ہیں وہ پانچ سو سے ایک ہزار روپیہ دیکر پانی کا ٹینکر گھر منگواتے ہیں لیکن جو غریب ہیں ان کو مجبورا ًبارش کا پانی ہی استعمال کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے محکمہ کے اعلیٰ افسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی غفلت شعاری کی وجہ سے محکمہ کے عارضی ملازم اپنی من مرضی چلا رہے ہیں۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں ذاتی مداخلت کر کے محکمہ کے اعلیٰ افسران کو ہدایت کریں کہ وہ وہاں تعینات ملازموں کے خلاف کاروائی کر کے وہاں نئے ملازم تعینات کریں اور عوام کے لئے پانی فراہمی یقینی بنائیں ۔