ادہم پور //ضلع ادہم پور کے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول جگانوں میں3روزہ بیداری پروگرام کے دوسرے دن حق اطلاعات قانون کے بارے میں سیمینار کا اہتمام کیا گیا ۔اطلاعات و نشریات کی مرکزی وزرات اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے شروع کئے گئے3روزہ بیداری پروگرام کے پہلے دن SVEEPکے سلسلہ میں سکولی بچوں اور عام لوگوں کو بیدار کیا گیاجبکہ اس کے علاوہ ان تین دنوں کے دوران آرٹی آئی ،منشیات اسمگلنگ پر علاقہ کی عوام و سکولی طلباء کو بیدار کر نے کے علا وہ مختلف عنوان کے تحت سمپوزیم ،کوئز مقابلے ،سماجی مسائل سے متعلق ادب و مضامین کو تقسیم کرنے اورووٹروں کی رجسٹریشن بھی عمل میں لائی جائے گی ۔دوسرے دن کے دوران آر ٹی آئی کے بارے میں 10طلباء نے ایک مباحثے میں بھی شرکت کی ۔اس پروگرام میں سرپنچ سنجیت شرما بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے علا وہ بلاک ڈولپمنٹ آفیسر ادہم پور روپیالی وید اور سٹاف ممبران نے بھی شرکت کی ۔پروگرام کے دوران اراکین نے حق اطلاعات قانون2005 پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اس قانون کے لاگو ہونے سے انتظامیہ میں شفافیت آئی ہے جبکہ ہر ایک فرد کا حق ہے کہ وہ کسی بھی معاملے کے سلسلہ میں متعلقہ محکمہ سے معقول اطلاع لے سکتا ہے ۔اراکین نے اپنے خطاب میں کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مختلف فلاحی اسکیموں کی بیداری کیلئے دور دراز گائوں میں کیمپوں کا اہتمام کیا جا رہاہے جبکہ عوام کو چاہیے کہ وہ مرکزی حکومت کی فلاحی اسکیموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کریں ۔