سرینگر//مختلف سیاسی جماعتوں کے سینکڑوں سیاسی رہنماوں ، عہدیداروں اور کارکنوں نے منگل کے روز جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے پارٹی کے روڈ میپ ، ثابت قدمی اور دور اندیشی کو پارٹی میں شامل ہونے کا سبب قرار دیا ہے ۔ شرکت کرنے والوں کا پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون نے خیر مقدم کیا جنہوں نے ان کی شمولیت کو جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کو ریاست کے سیاسی میدان میں ایک قابل عمل متبادل اور ایک مضبوط قوت بنانے کی طرف ایک اور سنگ میل قرار دیا۔ پارٹی میںشمولیت کر نے والے لیڈروں اور عہدیداروں میں سیوک سنگھ ریٹائرڈ ایس ایس پی ، بلوندر سنگھ (ٹریڈ یونین لیڈر) ، مہر سنگھ ، گورمیت سنگھ (سماجی کارکن ، راکیش کمار ، شیر سنگھ ، کپور سنگھ ، رمینک سنگھ ، امریک سنگھ ، سورن سنگھ ، سمیت کئی دوسرے لوگ بھی شامل ہیں۔ سابق ایس ایس پی سیوک سنگھ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ جموں و کشمیر میں پیپلز کانفرنس واحد سیاسی تنظیم ہے جو ریاست کو غیر یقینی کی دلدل سے نکالنے کے لیے عملی نقطہ نظر رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سجاد غنی لون کی سربراہی والی قیادت جموں وکشمیر کی سیاست میں ایک نئی جہت دے گی۔