سرینگر // جموں کشمیر میں لگاتار 8ویں روز کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 100سے زیادہ درج کی گئی ہے۔ بدھ کو مثبت معاملات کی تعداد 195درج کی گئی ہے اور یہ 87دنوں کے بعد ریکارڈ تعداد ہے۔ اس سے قبل 27دسمبر 2020کو 217مثبت کیسز درج کئے گئے تھے۔ 2021 میں اب تک یہ سب سے زیادہ مثبت معاملات ہیں۔15فروری سے یو ٹی میںکورونا وائرس دوبارہ لوگوں کو تیزی کیساتھ اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔ بدھ کو اگر چہ کورونا وائرس سے بہت بڑی چھلانگ لگادی اور 195مثبت آئے تاہم اس دوران کسی کی موت واقع نہیں ہوئی۔ 27دسمبر2020کو جموں و کشمیر میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 217تھی لیکن بعد میں اس میں کافی تیزی سے گراوٹ آئی اور 10فروری کو یہ تعداد کم ہوکر 45تک پہنچ گئی۔ تین ماہ بعد بدھ کو 29909تشخیصی ٹیسٹوں میں 195 کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں 49جموں جبکہ 146کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 146افراد میں 121مقامی سطح پر جبکہ 25بیرون ریاستوں اور ممالک سے واپس لوٹے ہیں۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد76527تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں 1251فوت جبکہ1156معاملات ابھی بھی سرگرم ہیں۔ سرگرم معاملات میں سرینگر میں 731،بارہمولہ میں 159، بڈگام میں 107، پلوامہ میں 42، کپوارہ میں 32، اننت ناگ میں 11، بانڈی پورہ میں16، گاندربل میں13، کولگام میں 19 اور شوپیان میں 25 ہیں۔ جموں صوبے میں بدھ کو 49افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں ۔ ان میں 43 مقامی سطح پر جبکہ 6بیرون ریاستوں اور ممالک سے واپس لوٹے۔ جموں میں متاثرین کی مجموعی تعداد 52502ہوگئی ہے جن میں 732فوت جبکہ 357سرگرم معاملات ہیں۔ جموں صوبے کے سرگرم معاملات میں جموں میں283، ادھمپور میں 12، راجوری میں 9، ڈوڈہ میں10، کٹھوعہ میں12، سانبہ میں 9، کشتواڑ میں 1، پونچھ میں 15، رام بن میں4 اور 2ریاسی میںہیں۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 129031ہوگئی ہے جبکہ یہاں 1983افراد وائرس سے فوت ہوگئے ہیں۔
ایک ٹیچر اور طلاب علم کا ٹیسٹ مثبت
3دنوں میں 2سکول بند
عارف بلوچ
اننت ناگ // جنوبی کشمیر میںبدھ کو ایک استاد اور ایک طلاب علم کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ہائرسیکنڈری سکول سری گفوارہ اننت ناگ میں بدھ کو ایک طالب علم کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد سکول کواحتیاطی طور پر 3دنوں کیلئے بند کردیا گیا ہے ۔ اسطرح وادی میںابتک 10طلباء کی رپورٹیں مثبت آنے کے بعد2 سکولوں کو بند کردیا گیا۔ اس سے قبل بڈگام ضلع میں ہائرسیکنڈری سکول ہرد پنزو میں9طالب علموں کی رپورٹیں مثبت آئی تھیں۔ چیف میڈیکل آفیسر اننت ناگ ڈاکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ حکومتی ہدایات کے مطابق مختلف سکولوں میں بلاترتیب ٹیسٹنگ کا عمل شروع کیاگیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ گزشہ تین دنوں کے دوران ضلع میں150بچوں کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے اب ایک طالب علم کی رپورٹ مثبت آئی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ سکول میں زیر تعلیم تمام طالب علموں کی ٹیسٹنگ آئندہ دو دنوں کے اندر ہوگی لیکن فی الحال سکول کو بند کردیا گیا ہے‘‘۔اس سے قبل سوموار کو ہائرسیکنڈری سکول ہرد پنزو میں 58طالب علموں میں سے 9کی رپورٹ مثبت آئی تھی اور سکول کو انتظامیہ نے 5دنوں کیلئے بند کردیا ۔ ڈگری کالج پلوامہ کے ایک استاد کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ مذکورہ ٹیچر پہلے ہی کورنٹین میں تھے اور انکا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آیا ہے۔