جموں//جموں کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی نے جموں کشمیر میں خصوصی لوک عدالت کا انعقاد کیا ۔ جموں کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ،جسٹس پنکج متھل لیگل سروسزاتھارٹی کے سرپرست اعلیٰ ہیں جبکہ جسٹس علی محمد ماگرے اس کے ایگزیکٹو چئیر مین ہیں ۔ اس خصوصی لوک عدالت کا انعقاد جموں کشمیر کے تمام اضلاع میں کیا گیا تا کہ نادار مدعیان کے مالی مسائل اور ذہنی دباؤ کو کم کر کے اُن کیلئے انصاف تک رسائی کا مقصد حاصل کیا جا سکے ۔ کووڈ 19 کے پیش نظر جزوی طبعی شنوائی دوبارہ عدالتوں میں شروع کرنے کے بعد یہ پہلی خصوصی لوک عدالت تھی ۔ جموں کشمیرکے مختلف اضلاع سے موصول اعداد و شمار کے مطابق ایک روزہ طویل خصوصی لوک عدالت کیلئے قائم کئے گئے 90 بنچوں نے 2804 معاملات کی شنوائی کی جن میں سے 1718 معاملات نمٹائے گئے اور 3 کروڑ 42 لاکھ 31 ہزار 135 روپے مختلف معاوضہ معاملات میں منظور کئے گئے ۔ ممبر سیکریٹری جموں کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی ایم کے شرما نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جن میں جوڈیشل افسران ، ڈی ایل ایس ایز کے سیکریٹریز ، وکلاء ، مختلف بیمہ کمپنیوں اور بنکوں کے نمائندگان ، عدلیہ اور لیگل سروسز اداروں کے عملے اور مدعیان شامل تھے ۔ اگلی خصوصی لوک عدالت کا انعقاد 30 مارچ 2021 کو کیا جا رہا ہے ۔