سرینگر //جموں و کشمیر میں پہلی مرتبہ ایک 29سالہ خاتون نے بیزہ دانی سمیت بچے کو جنم دیا ہے۔ شعبہ زچگی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ 80ہزار سے زائد بچوں میں ایک بچہ بیزہ دانی سمیت پیدا ہوتا ہے۔ ضلع اسپتال بڈگام کے شعبہ زچگی سے وابستہ ڈاکٹر سنجیدہ کائوسہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’9نومبر کی شام 7بچے سخت درد میں مبتلا ایک مریضہ کی حالت کو دیکھتے ہوئے پوری ٹیم نے ایمرجنسی جراحی کرنے کا فیصلہ لیا ‘‘۔ڈاکٹر سنجیدہ نے بتایا ’’ جراحی انجام دی گئی اور اس میں انوکھی بات یہ تھی کہ بچہ بیزہ دانی سمیت پیدا ہوا‘‘۔ڈاکٹرکائوسہ نے بتایا ’’ عام طور پر ایسے بچے 21سے 24ہفتوں کے ہوتے ہیں اور ان کے زندہ رہنے کی شرح بھی کافی کم ہوتی ہے‘‘۔ڈاکٹر کاوئسہ نے بتایا کہ اس معاملہ میں بچہ پورے 39ہفتوں کا تھا اور اس کا وزن بھی 3.3کلو گرام تھاجو عام بچے کا ہوتا ہے ۔ ڈاکٹر کائوسہ نے بتایا’’ جموں و کشمیر میں پہلی مرتبہ کسی بچے نے بیزہ دانی سمیت جنم لیا ہے اوربچہ صحتیاب ہونے کے بعد گھر روانہ ہوگیا ہو‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل دو بچوں نے جموں و کشمیر میں بیزہ دانی سمیت جنم لیالیکن وہ صرف 21ہفتوں کے تھے اور بعد میں فوت ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بچے کو ایک ہفتہ تک زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر تجمل حسین نے بتایا’’بھروقت فیصلہ کرنے کی صلاحیت سے ہم دونوں بچے اور اس کی ماں کی جان بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منفرد جراحی انجام دینے کیلئے پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں یہ جراحی کبھی بھی کامیاب نہیں رہی ہے۔