پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی
محمد تسکین
بانہال// بانہال کے کسکوٹ علاقے میں واقع جموں وکشمیر بینک کی شاخ میں نامعلوم افراد کی جانب سے مبینہ طور پر چوری کی کوشش کیے جانے کے معاملے میں پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔پولیس حکام کے مطابق جے اینڈ کے بینک کسکوٹ کے برانچ منیجر توحید مجید نجار کی تحریری شکایت پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پولیس کو دی گئی شکایت میں بتایا گیا ہیکہ 17 اور 18 جولائی کی درمیانی شب نامعلوم افراد نے باتھ روم کی کھڑکی سے ایگزاسٹ فین نکال کر اور رسی کے ذریعے عمارت کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان بینک کے اندر داخل ہونے کے بعد برانچ منیجر کے کیبن کی تلاشی لیتے رہے، تاہم بینک کا الارم بجنے پر وہ موقع سے فرار ہوگئے اور کوئی بھی رقم یا قیمتی سامان چوری نہیں کر سکے۔واقعے کا انکشاف ہفتہ کی صبح اس وقت ہوا جب بینک کے چپراسی نے باتھ روم کا دروازہ کھلا دیکھا اور بینک میں غیر مجاز داخلے کا شبہ ظاہر کیا، جس کے بعد بنک حکام نے پولیس کو اطلاع دی۔شکایت موصول
ہونے کے بعد پولیس سٹیشن بانیہال میں ایف آئی آر نمبر 154/2026 بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعات 62، 331(4) اور 305 کے تحت درج کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔