کپوارہ//کانگریس نے سنیچروار کومرکزمیں بھاجپاحکومت کی غلط پالیسیوں کی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ حکومت جموں کشمیرکی اقتصادیات،سیاحت اورتجارت کو نقصان پہنچانے کی ذمہ دارہے اورجموں کشمیرکی ترقیاتی مسائل کوحل کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔ان باتوں کااظہار جموں کشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے صد رغلام احمدمیر نے پیٹھ پہرولنگیٹ میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس بھاجپا حکومت کی غلط کاریوں کو منظرعام پرلاتی رہے گی۔انہوں نے لوگوں کو بیروزگاری،ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ اور دیگر مسائل کی وجہ سے درپیش مشکلات پر فکرمندی کااظہار کیا پردیش کانگریس صدر نے کہا کہ جموں کشمیرکوتمام محاذوں پرچاہے وہ اقتصادیات ہو،سیاحت ہو،یاتجارت یاروزگار بے پناہ مصائب بھگتناپڑے اورمتعدد عوامی نوعیت کے مسائل کے علاوہ ترقیاتی عمل موجودہ مرکزی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے پٹری سے اتر چکاہے اوراس کے نتیجے میں سماج کے کمزورطبقے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ اشیائے ضروریہ کے دام بڑھ جانے کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تجارت اور اقتصادیا ت کو نقصان پہنچنے کے باوجود حکومت نے جائیداد پرٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اُسے یہ معلوم ہے کہ تجارتی سرگرمیوں،تجارت،سیاحت میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت نے جائیداد پرٹیکس کی آڑ میں عوام کوسزادینا شروع کیا ہے ۔غلام احمد میرنے کہا کہ ملک بھر میں عام خیال یہی ہے کہ حکومت جان بوجھ کر ایندھن کی قیمتوں میں آئے روزاضافہ کررہی ہے تاکہ منصوبہ بند طور کارپوریٹ سیکٹر کوفائدہ پہنچایا جائے جن کے قرضے پہلے ہی مودی حکومت نے معاف کئے ہیں اورٹیکس کی صورت میں اس کی بھرپائی عام لوگوںکے جیبوں سے کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی جموں کشمیرسے متعلق بھارتیہ جنتا پارٹی کے غلط فیصلوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔