جموں//بی جے پی نے مجوزہ بلدیاتی انتخابات کے لئے اپنی انتخابی مہم کا زور و شور سے آغاز کر دیا ہے ۔ پارٹی کے قومی نائب صدر اور جموں کشمیر کے انچارج اویناش رائے کھنہ نے جمعہ کے روز جموں کے علاوہ کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع میں کارکنوں کی کئی میٹنگوں سے خطاب کیا اور انہیں مرکزی سرکار کی حصولیابیوں کے علاوہ پارٹی کے ایجنڈہ اور پروگرام کو لوگوں تک پہنچانے کے لئے متحرک ہونے کی تلقین کی۔ ریاستی صدر رویندر رینا، ممبران پارلیمان جگل کشور شرما وشمشیر سنگھ ، سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے بھی میٹنگوں سے خطاب کیا۔ مقررین نے چنائو میں جیت حاصل کرنے کے لئے اپنائی گئی حکمت عملی کے بارے میں کارکنوں کو تفصیل سے آگاہ کیا اور نامزد کئے گئے امیدواروں کو الیکشن جیتنے کے لئے مفید مشورے دئیے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی طرف سے جس جو ش وخروش کا اظہار کیا جارہا ہے وہ پہلے ہی الیکشن کے نتائج کو طے کر دیتا ہے ۔ اویناش کھنہ نے الیکشن کے تئیں پارٹی لیڈران اور امیدواروں کے جوش پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں زور دیا کہ وہ اچھا کام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ پارٹی پنچایت سے پارلیمنٹ تک میدان مارنے کیلئے تیار ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ زمینی سطح پر کارکنوں اور عام لوگوں کے ساتھ رابطہ قائم کیا جائے۔ رویندر رینا نے این سی ، پی ڈی پی اور بی ایس پی پر الیکشن کا بائیکاٹ کرنے کیلئے تنقید کرتے ہوئے ان پر علاحدگی پسندوںکے ایجنڈہ پر کام کرنے کا الزام لگایا۔