جموں//سانبہ ضلع انتظامیہ نے جموں آل انڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی تعمیر کے لئے درکار اراضی خالی کرواکر ریاستی محکمہ صحت کو سونپ دی ہے ، یہ زمین سنٹر پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے سپرد کر دی جائے گی تا کہ ایمز کی تعمیر کے کام میں مزید سرعت لائی جا سکے ۔ 244ایکڑ زمین جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر وجے پور کے قریب واقعہ ہے اور اس کے ایک حصہ پر آباد خانہ بدوش کنبوں کو وہاں سے دوسری جگہ پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ سی پی ڈبلیو ڈی ایمز کی تعمیر کا کام اپنے ہاتھ میں لئے ہوئے ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 2015میں جب وادی کشمیر کے لئے ایمز کو منظوری دی گئی تھی تو اس کے بعد جموں میں درجنوں سول سوسائٹی گروپوں اور سیاسی جماعتوں نے جموں کو الگ سے ایمز دینے کے لئے تحریک چلائی تھی ، کانگریس سرکار کی طرف سے جموں اور کشمیر میں الگ الگ سنٹرل یونیورسٹیوں کے قیام سے حوصلہ افزاان تنظیموں کی طرف سے چلائی گئی تحریک پر مرکزی سرکار نے کشمیر کے علاوہ جموں میں بھی ایک الگ ایمز دینے کو منظوری دے دی تھی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ سشما چوہان کے مطابق زمین کے حصول کا کام پر امن طریقہ سے پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے اور خانہ بدوش کنبوں کی منتقلی کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کنبوں کی باز آبادکاری کا کام تیز ی سے جاری ہے اور انتظامیہ انہیں تمام تر سہولیات فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خانہ بدوشوں کی مقررہ مدت کے اندر با آبادکاری کو یقینی بنانے کے لئے افسران کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔واضح رہے کہ ایمز کی تعمیر کے کام کا آغاز ہو چکا ہے اور 710باﺅنڈری دیوار شمالی جب کہ 1800میٹر جنوبی طرف سے مکمل ہو چکی ہے ۔