سرینگر //چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے سرینگر کو سمارٹ سٹی کے طور پر ترقی دینے کیلئے ایک جامعہ نقشہ راہ وضع کرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ جھیل ڈل اور دریائے جہلم کی بحالی کی طرف خسوصی توجہ دیں ۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ جھیل ڈل اور جہلم دریا کو سرینگر شہر کیلئے شہہ رگوں کی حثیت حاصل ہے انہوں نے کہا کہ ان آبی ذخائیر کو بحال کرنے اور انہیں جاذب نظر بنانے سے سمارٹ سٹی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ان آبی ذخائیر کو بحال کرنے سے سرینگر کی دیرپا ترقی ممکن ہو سکے گی ۔ چیف سیکرٹری نے افسروں پر زور دیا کہ وہ سرینگر کے لینڈ سکیپ کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ سٹی مشن میں شہر کے لوگوں کو بھی شامل کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں شام کے بعد زندگی بے جان ہو جاتی ہے تا ہم چھوٹے چھوٹے اقدامات سے اس عمل میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ سٹی کے تحت ٹرانسپورٹ کے ٹرام نظام اور آبی ٹرانسپورٹ کے امکانات کا بھی جائیزہ لیا جانا چاہئیے ۔ بی وی آر سبھرامنیم نے کہا کہ جموں شہر نے سمارٹ سٹی مشن کے تحت پروجیکٹوں کی عمل آوری میں کچھ پیش رفت حاصل کی ہیں تا ہم اس شہر کو مزید جاذب نظر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شہروں میں سمارٹ سٹی مشن کے تحت ایک ماہ کے اندر اندر مکمل سی ای اوز تعینات کئے جائیں گے ۔ چیف سیکرٹری آج ایس کے آئی سی سی سرینگر میں ایک میٹنگ کے دوران خطاب کر رہے تھے جس میں جموں اور سرینگر شہروں کو سمارٹ سٹیز کے طور پر ترقی دینے کے عمل کا جائیزہ لیا گیا ۔ میٹنگ میں ڈی ایس مشرا سیکرٹری مکانات و شہری معاملات ، کنال کمار جوائینٹ سیکرٹری سمارٹ سٹیز ، کے وی اگروال کمشنر مکانات و شہری ترقی ، کیشو ورما ، ڈی سی سرینگر سید عابد رشید شاہ ، کمشنر ایس ایم سی پیر زادہ حفیظ اللہ شاہ ، ورلڈ بنک کنسلٹنٹ اور کئی دیگر افسران موجود تھے ۔ ڈی سی جموں رومیش کمار اور وی سی جے ڈی اے نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔ اس سے پہلے مرکزی سیکرٹری ایم او ایچ یو اے نے میٹنگ کو یقین دلایا کہ جموں کشمیر میں سمارٹ سٹی مشن کو عملانے کیلئے رقومات کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن کے تحت سرینگر کو جنیوا جیسے شہر میں تبدیل کرنے کا بہترین موقعہ دستیاب ہے ۔ جموں اور سرینگر کے ضلع ترقیاتی کمشنروں جو سمارٹ سٹی پروجیکٹوں کے انچارج سی ای او بھی ہیں ، نے اپنے اپنے شہروں میں سمارٹ سٹی مشن کی عمل آوری کے حوالے سے حاصل کی گئی پیش رفت کے بارے میں بھی جانکاری دی ۔