تھنہ منڈی//ایس ایس راجوری یوگل منہاس نے کہاہے کہ جرائم کی روک تھام کے لئے عوام کا تعاون لازمی ہے۔ انہوںنے ڈگری کالج تھنہ منڈی میں پولیس،سول انتظامیہ،معززین،سیاسی کارکنان اور پنچائتی نمائندگان کیساتھ ایک تعارفی اجلاس کے دوران بولتے ہوئے کہا کہ نوجوان سماج کا سرمایہ ہے جسکا تحفظ کر نا سب کا فرض بنتاہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں ایک ایساعنصر کام کر رہا ہے جو اس نسل کو تباہ کرنے کی کوشش میںہے، اس عنصر کی نشاندہی عوام ہی کرسکتی ہے۔ ایس ایس پی نے کہا کہ راجوری میں انہوں نے دو درجن لوگوں کی نشاندہی کرنے کے بعد انہیں قانون کے شکنجے میں لا یا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم اور منشیات جیسی بدعت سے ماحول کو صاف رکھنے کے لئے ایسے عناصر کی نشاندہی کہ جائے جنکے خلاف کارروائی کر کے انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جائے گا۔ایس ایس پی نے کہاکہ پولیس جرائم کے خلاف اپناکام کرے گی لیکن عوام کا فرض بنتا ہے کہ وہ بھی اس معاملہ میں پولیس کا تعاون کریں۔اس دوران تھنہ منڈی کے معززین اور سول انتظامیہ نے بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے مقامی مسائل سے بھی آگاہ کیا۔تعارفی اجلاس میں سب ڈیویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی محمد افضل مرزا، سب ڈیویژنل پولیس آفیسر تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری،تحصیلدار تھنہ منڈی شاہد اقبال اور ایس ایچ او انسپکٹر کرن چلوترہ بھی موجود تھے۔اجلاس میں کالج کے پرنسپل ڈاکٹر شکیل احمد رینہ نے بھی شرکت کی۔