جموں//ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امداد و باز آباد کاری اور تعمیر نو و پھولبانی کے وزیر جاوید مصطفی میر نے جگتی مائیگرنٹ کیمپ میں مختلف محکموں کی طرف سے قائم کئے گئے شیو راتری ہاٹس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔امدا د و باز آباد کاری محکمہ کی طرف سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ تہوار کو احسن طریقے سے منانے کے لئے تمام سہولیات کو یقینی بنانا ہوگا۔ ریاست کے لوگوں کو اس دِن کی مبارکباد دیتے ہوئے جاوید مصطفی نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کا یہ تہوار بہت ہی اہمیت کا حامل ہے اور انہوںنے امید ظاہر کی کہ اس تہوار کی بدولت ریاست میں امن اور خوشحال کو دور دورہ ہوگا۔ایم ایل سی سریندر امبار دار ، ریلیف کمشنر ایم ایل رینہ ، ڈی سی ریلیف کے کے سدھا، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری ، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن جموں و دیگر امداد و باز آبادی کے سینئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔