جائیدادوں کے سالانہ گوشوارے جمع کرنیکی تاریخ میں توسیع ملازمین کو7دنوں کی حتمی مہلت،عدم تعمیل کی صورت میں کاروائی کا انتباہ

 بلال فرقانی

سرینگر// حکام نے سرکاری ملازمین کو جائیداد کا سالانہ گوشوارہ جمع کرنے کی تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔انتظامیہ نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں گزشتہ برس2 1دسمبر اور 29 دسمبر کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بعد رواں سال کے 3مارچ کو بھی ایک نوٹیفکیشن جاری کی گئی تھی جس میں تمام سرکاری ملازمین کویکم جنوری 2023سے31جنوری2023 تک اپنی جائیداد کے سالانہ گوشوارے’پی آر ایس‘ پوٹل پر جمع کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ محکمہ عمومی انتظامی کے ڈپٹی سیکریٹری ملک سہیل نے بتایا کہ اس ٹائم لائن میں 12 فروری 2024 اور 3 مارچ 2024 کی نوٹیفکیشن میں توسیع دی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا’’یہ دیکھا گیا ہے کہ مالیاتی بندش اور دیگر مصروفیات کے پیش نظر، بہت سے ملازمین توسیع شدہ ٹائم لائن کے اندر اپنی جائیداد کے گوشوارے جمع نہیں کروا سکے اور اس طرح وہ نادہندہ ہو گئے۔ ‘‘

 

ملک سہیل نے کہا کہ چونکہ سرکاری ملازمین کی جانب سے جائیداد کے گوشوارے جمع نہ کروانا ’جموں و کشمیر پبلک مین اینڈ پبلک سرونٹ ڈیکلریشن آف پراپرٹی ایکٹ‘ اور اس کے تحت بنائے گئے ضوابط کے تحت کارروائی کا موجب بن سکتے ہیں، اس لیے اس معاملے پر عمومی انتظامی محکمہ میں دوبارہ غور کیا گیا اورفیصلہ کیا گیا ہے کہ ان نادہندہ ملازمین کو آخری اور حتمی موقع دیا جائے گا۔ جی اے ڈی کے ڈپٹی سیکریٹری نے کہا’’ اس سلسلے میں نادہندہ ملازمین کو جائیداد گوشوارے کے نظام (پی آر ایس پورٹل) پر اس نوٹیفکیشن کے اجراء کی تاریخ سے 7دنوں کی مدت کے لیے آن لائن موڈ کے ذریعے جائیداد کے گوشوارے جمع کرانے کی اجازت ہوگی۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام ملازمین جنہوں نے پورٹل پر خود کو رجسٹر کیا ہے لیکن اپنی جائیداد کے گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں وہ اسے جمع کرائیں گے جبکہ، غیر رجسٹرڈ ملازمین خود کو پورٹل پر رجسٹر کرائیں گے اور مقررہ مدت کے دوران اپنی جائیداد کے گوشوارے جمع کرائیں گے۔ ملک سہل کے مطابق اگر ملازمین کو ‘ائو تی پی‘سے متعلق مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تو وہ اپنے موجودہ موبائل نمبرز اور ای میل آئی ڈیز کو ’سی پی آئی ایس‘پورٹل پر اپ ڈیٹ کریں گے۔ تنخواہ تقسیم اور واگزار کرنے والے افسراں کو اس سلسلے میں ضروری سہولت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے