مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی اڑی واٹر سپلائی سکیم گزشتہ 1ماہ سے بند ہونے کی کی وجہ سے کئی وارڈوں کی عوام کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ آب رسانی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم میں آئی خرابی کو دور کرنے کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ ملازمین واٹر سپلائی سکیم میں کسی تکنیکی خرابی کا بہانہ بنا رہے ہیں لیکن اس کی بحالی میں کوئی دلچسپی ظاہر ہی نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کے سیول اور میکینکل شعبہ ایک دوسرے پر ذمہ داری عائد کر نے میں مصروف ہیں جبکہ سکیم میں آئی خرابی کو دور ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔ایک مقامی پنچایت ممبر سفیر احمد نے بتایا کہ محکمہ پی ایچ ای کی لاپرواہی کی وجہ سے ہزاروں کی آبادی متاثر ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سکیم میں آئی تکنیکی خرابی کو دور کرنے کیلئے محکمہ کا میکینکل شعبہ سنجیدہ ہی نہیں ہے ۔واٹر سپلائی سکیم کے بند ہونے کی وجہ سے مکینوں کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کا صاف پانی لانا پڑرہا ہے ۔لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازمین سکیم کی مرمت کیلئے آج کل کر کے ٹال مٹول کرنے میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے ہر گزرتے دن عوامی مشکلا ت میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کی بحالی کیلئے محکمہ کے ملازمین کو متحرک کیا جائے تاکہ عام لوگوں کو پینے کا پانی دستیاب ہو سکے ۔