عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیراعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز یومِ عاشورہ کے موقع پر جڈی بل میں عزاداروں کے جلوس میں شرکت کی اور نیشنل کانفرنس کی جانب سے قائم کردہ سبیل پر عزاداروں میں پانی اور دودھ تقسیم کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ہمراہ ان کے مشیر ناصر اسلم وانی اور زڈی بل کے رکنِ اسمبلی تنویر صادق بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے عزاداروں اور رضاکاروں سے ملاقات کی، ان سے خیریت دریافت کی اور یومِ عاشورہ کی مناسبت سے جاری خدمتِ خلق کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے پانی اور دودھ کی تقسیم میں بھی شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ آج یومِ عاشورہ کے موقع پر ہزاروں عزاداروں نے زڈی بل سمیت مختلف مقامات پر حضرت امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی میدانِ کربلا میں عظیم قربانی کی یاد میں ماتمی جلوسوں اور مجالسِ عزا میں شرکت کی۔