عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہمیشہ سے یہ ترجیح رہی ہے کہ ملک خوشامدی کی بنیاد پر نہیں بلکہ تمام شہریوں کے لئے یکساں قانون کے تحت چلایا جائے۔
گجرات اسمبلی میں ‘یکساں سول کوڈ’ (یو سی سی) بل پاس ہونے پر مسٹر شاہ نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا، “ملک میں ہر شہری کے لیے ایک جیسا قانون ہو، یہ بی جے پی کا قیام سے ہی عزم رہا ہے۔ مودی جی کی قیادت میں بی جے پی کی ریاستی حکومتیں اس سمت مسلسل آگے بڑھ رہی ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ اتراکھنڈ کے بعد اب گجرات نے بھی یکساں سول کوڈ بل پاس کرنے کا تاریخی کام کر کے اپنی وابستگی ظاہر کی ہے۔ اس کے لیے میں وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور اس بل کی حمایت کرنے والے تمام اراکینِ اسمبلی کو مبارکباد دیتا ہوں۔”
مسٹر امت شاہ نے کہا کہ ملک کو خوشامدی کی سیاست کے بجائے تمام شہریوں کے لئے یکساں قانون کے اصول پر چلانا بی جے پی کی ترجیح بھی ہے اور عزم بھی۔
واضح رہے کہ گجرات اسمبلی نے منگل کے روز ‘گجرات یکساں سول کوڈ بل 2026’ منظور کیا ہے، جس کے بعد ریاست میں تمام مذاہب کے لیے شادی، طلاق، جائیداد اور ‘لِو ان ریلیشن شپ’ کے حوالے سے یکساں قوانین لاگو ہو جائیں گے۔ اتراکھنڈ کے بعد گجرات اس نوعیت کا بل پاس کرنے والی ہندوستان کی دوسری ریاست بن گئی ہے۔
تمام شہریوں کے لئے یکساں قانون بی جے پی کی اولین ترجیح: امت شاہ