پونچھ // مختلف محکموں کی جانب سے پونچھ میں ترسیلی زمین دوز لائنیں بچھائی جانے کے دوران کھدائی کے باعث سڑکوں کی حالت خراب کردی گئی ہے اور پھر ان سڑکوں کی مرمت بھی نہیں کی جاتی جس کے نتیجہ میں نہ صرف ٹریفک جام ہو جاتے ہیں بلکہ عام لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پونچھ ضلع عدالت سے ضلع ہسپتال اور کامسر کو جانے والی سڑک کے کنارے پر پچھلے کئی دن قبل کھدائی کے دوران سڑک کے کنارے پر ترسیلی لائن بچھا کر اسے یوں ہی چھوڑ دیا گیا۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے جہانگیر احمد شیخ نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی جانی چاہیے کہ وہ جب بھی ترسیلی لائنیں زمین دوز کریں تو ساتھ ساتھ مرمت بھی کریں۔ انہوں نے کہا کہ کہ پونچھ قصبہ میں مختلف مقامات پر پر ترسیلی لائنیں بچھانے کے بعد مرمت نہیں کی گئی جو خصوصی طور پر طلبا و طالبات کے لئے مشکلات کا باعث بن رہاہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دیں کہ وہ کھدائی کے دوران تباہ کی گئی سڑکوں کی مرمت کی ہدایات جاری کریں ۔