جموں//اپنی پارٹی یوتھ ونگ ریاستی نائب صدر رقیق احمد خان نے جموں وکشمیر میں بڑھتی بے روزگاری اور نوجوانوں میں منشیات کی پھیلتی وباء پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی دفتر گاندھی نگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رقیق نے کہاکہ یہ ہم سب کے لئے باعث ِ تشویش ہے کہ پچھلے تین سالوں سے روزگار کے مواقعے کم ہوئے ہیں اور با روزگار نوجوان نجی سیکٹر میں کم سے کم تنخواہ پر کام کر رہے ہیں۔اس پروگرام کا اہتمام اپنی پارٹی یوتھ ونگ نے کیاتھا۔ رقیق خان نے کہاکہ نجی سیکٹر میں بھی کویڈ لاک ڈاؤن کے بعد روزگار کے مواقعے کم ہوئے ہیں، ایسی صورتحال میں حکومت کو چاہئے کہ مختلف سرکاری محکموں میں خالی پڑی آسامیوں کو مشتہر کر کے اہل اُمیدواروں سے درخواستیں طلب کی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری سیکٹر میں زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کرنے کے لئے کوئی کوشش نہیں کی جارہی۔ حکومت کو چاہئے تھاکہ بے روزگار نوجوانوں کے لئے خالی پڑی آسامیاں مشتہر کی جائیں لیکن دیکھنے میں آیا ہے کہ چنیدہ آسامیوں کے لئے ہی بھرتی کی جارہی ہے ۔ اس موقع پر بولتے ہوئے ریاستی جنرل سیکریٹری یوتھ ونگ ابہے بقایہ نے کہاکہ سماج میں نشے کی لت ایک سنگین خطرہ ہے ، پولیس کی کوششوں کے باوجود تیزی کے ساتھ یہ وباء پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سماج دشمن اور ملک دشمن عناصر جموں وکشمیر کے نوجوانوں کا مستقبل اچھا نہیں ہونے دیں گے لیکن حکومت کو چاہئے کہ وہ غیر سرکاری تنظیموں، پولیس، سول سوسائٹی اور نوجوانوں کو شامل کر کے اِس ضمن میں سنجیدہ کوششیں کرے۔ انہوں نے مزید کہاکہ این جی اوز اور ڈی ایڈیکشن سینٹرز کو حکومت سے مدد کی ضرورت ہے تاکہ وہ اِن مراکز کے ذریعے لگاتار نوجوانوں کو نشہ کی وباء سے دورکھنے رکے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں۔ یوتھ کارڈی نیٹر صوبہ جموں وپل بالی نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ اپنی پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو گمراہ نہیں کیا ہے، یہ جماعت نوجوانوں کے محفوظ مستقبل کی وعدہ بند ہے۔