جموں / بہوجن سماج پارٹی نے سلیکشن عمل میں دلت مخالف پالسیاں اپنانے کا الزام لگایا ہے۔ آج یہاںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے لیڈران نے ریاستی سرکار پر نوجوان مخالف اور دلت مخالف ہونے کا مبینہ الزام لگایا ۔انہوں نے کہا کہ جموں کے نوجوانوں خصوصاً ایس ٹی، ایس سی اور او بی سی طبقہ کے نوجوانوں کو جے اینڈ کے پی ایس سی، بینک اور دیگر محکموں کی بھرتیوں میں نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ سرکاری سکولوں کے فیس میں اضافہ کرنے سے غریب طلبا متاثر ہو رہے ہیں،نتیجہ کے طور پر وہ اپنی تعلیم کو ترک کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔پریس کانفرنس میں سرکار پر سرحدوں اور کشمیر میں نوجوانوں کی ہلاکتوں کو روکنے میں ناکام رہنے کا بھی مبینہ الزام لگا یا گیا۔انہوں نے دلتوں کو 2019کے انتخابات میں بی جے پی کے ناپاک عزائم سے چوکنا رہنے کی اپیل کی اور شیڈول کاسٹ ایکٹ کو واپس لینے کیلئے سرکار کی پہل کی بھی سخت مذمت کی۔پریس کانفرنس میں سیکولر طاقتوں کو متحد ہونے کی اپیل کی ا ور 2 اپریل2018 کو مجوزہ بھارت بندکی مکمل حمایت کا بھی اعلان کیا۔