راجوری//بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھائو ہفتہ اختتام پذیرہوگیا۔پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری میں بیٹی بچاوبیٹی پڑھائو کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنرراجوری، ایس ایس پی راجوری، ضلع سوشل ویلفیئر افسر، پرنسپل کالج راجوری ودیگرافسران بھی موجو دتھے ۔ پروگرام میں مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹرشاہداقبال تھے جنہوںنے بیٹی کورحمت بتاتے ہوئے کہاکہ اللہ کی نعمت کواس کابنیادی حق فراہم کرتے ہوئے اس کی تعلیمی اوردیگر ذمہ داریوں پر مکمل توجہ دی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ بچیوں کو بوجھ نہ سمجھاجائے بلکہ انہیں انکا حق دیاجائے اور ان کی تعلیم و تربیت پر اتنی ہی توجہ دی جائے جتنی کہ بچوں کی تعلیم پر دی جاتی ہے ۔اس پروگرام میں شمولیت کرنے والی بچیوں میں انعات بھی تقسیم کئے گئے۔واضح رہے کہ ہفتہ بھرراجوری میں ریلیاں اور تقریبات بھی منعقد ہوئیں جبکہ کئی جانکاری کیمپ بھی منعقد ہوئے اورطلباء نے کوئزمقابلوں اورتقریری مقابلوں میں حصہ لیا۔ ضلع سوشل ویلفیئر آفیسرعبدالخبیرنے کہاکہ بیٹی بچائوبیٹی پڑھائوکافی اہمیت کاحامل پروگرام ہے جس کے پیش نظر مختلف ریلیاں اورجانکاری پروگرام منعقد کرکے اس پیغام کوعام کرنے کی کوشش کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ بیٹی انمول خزینہ ہے جس کے وجودسے ہماراوجود ہے اور جس طرح ایک لڑکامعاشرے کی ترقی کے لئے اہم ہے اسی طرح ایک بچی کاہونابہترمعاشرے کی دلیل ہے اسلئے ہمیں اپنی بچیوں کی تعلیم وتربیت پرخصوصی توجہ دینی ہوگی اور پیداہونے کاحق ان سے نہ چھیناجائے۔ انہوں نے کہاکہ جب دنیاظلم وتاریکی میں تھی تب درندہ صفت انسان بچیوں کوزندہ درگورکردیتے تھے لیکن اسی طرح آج بھی بچیوں کوقتل کرنے کاجوانوکھاسلسلہ شروع ہوا ہے، یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ زمانہ جاہلیت کی نشانیاں آج بھی باقی ہیں۔