سرینگر// جموں کشمیر میں50روز بعد بیشتر اضلاع میں مکمل طور پر کاروباری سرگرمیاں بحال ہوئی،اور بازاروں میں غیر معمولی چہل پہل اور گہما گہمی دیکھنے کو ملی۔کرونا کیسوں میں اضافے کے بعد جموں کشمیر انتظامیہ نے29اپریل سے جموں کشمیر میں کرونا کرفیو اور بندشوں کا سلسلہ شروع کیا،جس کے پیش نظر مسافربردار ٹرانسپورٹ،تجارتی و کاروباری مراکز اور نجی دفاتر کم و بیش38روز تک مکمل مقفل رہے۔8جون سے انتظامیہ نے اگر چہ لاک ڈائون میں جزوی نرمی کی اور کئی اضلاع میں کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت بھی دی گئی تاہم سرینگر سمیت دیگر اضلاع میں متبادل ایام میں ہفتے میں2روز ہی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کو ہری جھنڈی دکھائی گئی۔آفات سمای انتظام سے متعلق ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے گزشتہ روز میٹنگ کے دوران8 اضلاع میں مکمل طور پر کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان کیا گیا جبکہ دیگر اضلاع میں ہفتے میں5روز تک کاروباری سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی اجازت دی گئی۔پیر کو سرینگر سمیت وادیء کے بیشتر اضلاع میں کاروباری مراکز مکمل طور پر کھل گئے اور بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں بحال ہوئیں،جس کے چلتے بازاروں میں چہل پہل اور گہما گہمی دیکھنے کو ملی۔بیشتر بازاروں میں دونوں اطراف کے تجارتی مراکز اور دکانیں کھلی تھی تاہم شاپنگ کمپلکسوں میں کم دکانیں ہی کھلی تھی۔ سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حرکت میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا جبکہ لوگ خریداری کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔