بھدرواہ //ملک کے متعدد حصوں کی طرح ، اجمیر شریف کے خواجہ معین الدین چستیؒ کا 809 واں عرس وادی چناب کے بھدرواہ اور کشتواڑ کے علاقوں میںمذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔صدر انجمن تبلیغ الاسلام جموں صوبہ جموں حاجی فرید احمد شاہ کی رہنمائی میں بنستان کشتواڑ کے شاہ خاندان کے زیر اہتمام خصوصی دعاؤں میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ادھر خواجہ جمال الدین ڈار کی نگرانی میں بھدرواہ کی ڈار فیملی نے بھی حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے 809 ویں عرس کے موقع پر بھدرواہ کے علاقے کوٹلی میں خصوصی دعا کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر دینی علمائے کرام نے خواجہ معین الدین چشتی ؒ کی زندگی پر روشنی ڈالی جنہوں نے اپنی زندگی کے دوران لوگوں کو امن ، خوشحالی اور بھائی چارے کے علم سے منور کیا۔1970میں شاہ خاندان نے متفقہ طور پر ہر سال کشتواڑ میں عرس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا اس کے بعد سے وہ خواجہ غریب نوازؒ کے سالانہ عرس کو منارہے ہیں جبکہ امسال بھی مذہبی وابستگی کے بغیر کشتواڑ اور بھدرواہ کے ہر طبقہ کے افراد نے منعقدہ عرس میں شرکت کی۔ قرآن وحدیث کی تلاوت اور نعت شریف کی تلاوت کے علاوہ جموںوکشمیر اور ملک میں امن ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔