نئی دہلی//اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن میں مسئلہ کشمیر کاتذکرہ کرنے پر بھارت نے بدھ کو پاکستان اور اسلامی ممالک کی تنظیم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم نے خود کو’’مجبورانہ‘‘ پاکستان کے ہاتھوں’’یرغمال‘‘بنایاہے۔انسانی حقوق کی کونسل میں بھارت نے پاکستان پرالزام لگایاہے کہ وہ عالمی سطح پرجنگجویت کوکھلے طور حمایت کرنے،تربیت ،مالی مدداوراسلحہ دینے کیلئے بدنام ہے ۔ بھارت کاردعمل جنیوامیں بھارت کے مستقل مشن کے فسٹ سیکریٹری پون باڈھے نے پہنچایا۔باڈھے نے پاکستان اور اسلامی ممالک کی عالمی تنظیم کے تبصرے پرردعمل کااظہار کرنے کے اپنے حق کااستعمال کرتے ہوئے کہا کہ اُسے پاکستان جیسے ’’ناکام مملکت‘‘ سے سبق لینے کی ضرورت نہیں ہے جودہشت گردی کامرکز ہے اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کامرتکب ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی عادت بن چکی ہے کہ وہ کونسل کی طرف سے فراہم کئے گئے پلیٹ فارم کاغلط استعمال کرکے بھارت کے خلاف غلط اور بے بنیاد پروپیگنڈاکررہا ہے ۔باڈھے نے کہا کہ کونسل کو معلوم ہے کہ پاکستان،اُس کی حکومت کی طرف سے حقوق انسانی کی بدترین پامالیوں سے کونسل کی توجہ ہٹانے کیلئے کوششیں کررہا ہیں ۔انہوں نے کہا،’’بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے اور اُسے پاکستان جیسے ناکام ملک سے سبق لینے کی ضرورت نہیں ہے جو دہشت گردی کا مرکز ہے اورحقوق انسانی کی بدترین پامالیوں کا مرتکب ہے۔بھارتی مندوب نے کہا کہ پاکستان اپنی اقلیتوں جن میں سکھ،ہندو،عیسائی اوراحمدی شامل ہیں ،کاتحفظ کرنے میں ناکام ہواہے۔باڈھے نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں اقلیتی طبقہ کی ہزاروں لڑکیوں کواغواء کرکے ان سے زبردستی شادیاں رچائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زبردستی مذہب تبدیل کرایاجارہا ہے ،اوروہاں اہداف مقررکرکے ہلاکتیں جاری ہیں ،مسلکی تشدد اوراعتقاد کی بنا پرامتیاز نسلی اور اقلیتی گروپوں کے ساتھ روارکھا جارہا ہے۔باڈھے نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کی عبادتگاہوں،تہذیبی میراث،جائیدادپر تشددآمیزحملے بریت کے ساتھ جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سول سوسائٹی،صحافیوں اورحقوق کے علمبرداروں کا گلاگھونٹا جاتا ہے اورحکومت کی شہ پریہاں جبری گمشدگیاں،بے جا ہلاکتیں اور اغواکاری ہورہی ہے اور اس کا مقصد اختلاف اور نکتہ چینی کو دبانا ہے۔ انہوں نے اسلامی ممالک کی عالمی تنظیم کوبھی کونسل میں مسئلہ کشمیراُٹھانے پر ٹوکااورکہا کہ اس گروپ کا اس مسئلہ پریابھارت کے اندرونی معاملوں پربات کرنے کوئی حق نہیں ہے۔باڈھے نے کہا کہ ہم اسلامی ممالک کی تنظیم کے جموں کشمیر سے متعلق حوالوں کومسترد کرتے ہیں ،جو ملک کا اٹوٹ حصہ ہے۔