تھنہ منڈی //پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری و ممبر اسمبلی راجوری ایڈووکیٹ قمر حسین چوہدری نے بھروٹ میں عوامی دربار منعقد کر کے لوگوں کے مسائل سنے ۔ ممبر اسمبلی کے ہمراہ بلاک آفیسران بھی تھے۔ قمر نے اس موقعہ پر بولتے ہوئے کہاکہ سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید نے ریاست میں امن کے قیام اور تینوں خطوں کی یکساں ترقی کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ گٹھ جوڑ کیااور پارٹی اپنے ان مقاصد میں کامیاب ہورہی ہے جس غرض سے یہ اتحاد کیاگیاتھا۔ انہوںنے کہا کہ سماج کے مفلوک الحال لوگوں کیلئے نئی نئی سکیمیں متعارف کروائی جارہی ہیں تاکہ وہ ان سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل مختلف سیاسی جماعتوں نے یہاں کے لوگو ں کو اپنے سیاسی مقاصد کی خاطر برادری ازم میں تقسیم کر کے اپنا الو سیدھا کیا جبکہ پی ڈی پی کے دوراقتدار میں یہاں کے لوگوں کو عزت نفس دی گئی۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اس جماعت نے پوٹا قانون نافذکیاجس سے یہاں کے بے گناہ لوگوں کو جیلوں میں بندکرنے کا راستہ ہموار ہوا جبکہ پی ڈی پی کی سرکار میں لوگوں نے راحت کی سانس لی۔اس موقعہ پرغلام نبی شہباز،مرزا میر باز، مشتاق احمد بٹ، مرزا عالم، ایڈووکیٹ عثمان وغیرہ بھی موجود تھے۔