پونچھ// ملک میں بڑھتی مہنگائی پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے پونچھ یوتھ نے مزدور یونین کے ساتھ مل کر جمعہ کو بس اسٹینڈپونچھ پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بھاجپا کی قیادت والی مرکزی حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے بجائے مشکلا ت میں مبتلا کر دیا ہے ۔مظاہرین نے ایل پی جی گیس کی بڑھتی قیمت کے خلاف سخت ناراضگی ظاہر کی اور حکومت کے خلاف او رمودی کے خلاف نعرے بازی کی۔ کملجیت سنگھ نے کہا کہ حکومت کچھ صنعتوں کے فائدے کیلئے ہی کام کررہی ہے تاہم ملکی عوام کے مسائل کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیاہے ۔ انہوں نے کہامرکزی حکومت کے خلاف کسان تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کررہے ہیں مگر حکومت کسانوں کو مطمئن کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے اس کالے قانون کو بھی واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کے ساتھ درجن سے زیادہ مرتبہ میٹنگ بلاکر مذاکرات کئے، مگر وہ سب کے سب دکھاوے کے لئے رکھے گئے تھے۔ حکومت کسان اور مزدور مخالف پالیسی پر کام کررہی ہے اور ملک کی آج جو صورتحال ہے ، ملک اس سے پہلے اس طرح کی صورتحال سے کبھی نہیں گزرا ہے۔