منڈی//بڈھا امر ناتھ یاترا کے دوران ضلع پونچھ میں ٹریفک پولیس کی جانب سے جگہ جگہ ناکے لگائے جارہے ہیں۔ اس دوران ڈی وائی ایس پی ٹریفک پونچھ راجوری محمد اسلم نے از خود تحصیل صدر مقام منڈی میں ناکہ لگا کر آنے جانے والی مقامی گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے گاڑی چلانے والے ڈرائیوروں سے گاڑیوں کے تمام تر لوازمات طلب کئے اور انہیں ائورلوڈنگ سے گریز کرنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے ڈرائیوروں سے کہا کہ وہ بغیر کاغذات کے گاڑی نہ چلائیں اور لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسی گاڑیوں میں سفر نہ کریں جن میں ضرورت سے زیادہ سواریاں ہوں ۔اس دوران انہوںنے موٹرسائیکل سواروں کو ہدایت دی کہ وہ ہیلمٹ کا استعمال کریں تاکہ ان کی جان کسی بھی نا خوشگور واقعہ میں بچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی بھی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا اور قانون کی بالادستی کرنا ہر انسان کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ عوام کی بھلائی کیلئے ہر وقت کوشاں رہتا ہے جس سلسلے میں محکمہ نے ضلع پونچھ کے متعدد اسکولوں میں جانکاری کیمپوں کا بھی اہتمام کیا اور آنے والے وقت میں بھی یہ جانکاری کیمپوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان جانکاری کیمپوں میں محکمہ کے اعلیٰ افسران عوام کو گاڑی چلانے اور دوسری ضروری جانکاری فراہم کرتے ہیں تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ کیاجاسکے ۔