سرینگر //ہینڈی کرافٹس کی جانب سے بنکروں اور گھریلو دستکاروں سے جڑے افراد کیلئے شروع کی گئی اسکیموں کے بارے میں جانکاری دینے کیلئے کمیونٹی ہال صفاکدل میں جانکاری کیمپ منعقد کیا گیا جس میں محکمہ کے اعلیٰ افسران نے مختلف اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔ جانکاری کیمپ میں محکمہ ہینڈلوم کی جوائنٹ ڈائریکٹر نرگس سریا، محکمہ ہینڈی کرافٹس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایکسپورٹس مشتاق احمد کے علاوہ ہینڈلوم، کھادی ولیج بورڈاور بینک افسران بھی موجود تھے۔جانکاری کیمپ میںخطاب کرتے ہوئے نرگس سریا نے دستکاروں اور بنکروں پر زور دیا کہ وہ ایمانداری سے اپنے ہنر کو جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم نے دستکاروں اور بنکروں کیلئے مختلف سماجی بہبود کی اسکیمیں شروع کرنے کا منصوبہ سرکار کو بھیجا ہے اور اُمید ہے کہ ان اسکیموں کو منظوری ملے گی‘۔ انہوں نے کہا کہ بنکروں کیلئے انشورنس اسکیموں کے علاوہ قرضہ فراہم کرنا اور دیگر اسکیمیں شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقعہ پر مشتاق احمد نے بتایا ’’کاریگروں کی آمدنی میں اضافہ کرنے کیلئے مختلف اسکیمیں شروع کی گئی ہیں اور آنے والے وقت میں مزید اسکیمیں متعارف کی جائیں گی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ئے سی سی،این ایچ ڈی پی اور دیگر اسکیموں کا فائدہ اٹھانا چاہئے۔ مشتاق احمد نے کہا کہ محکمہ ہینڈی کرافٹس آنے والے وقت میں مزید دستکاریوں کو زندہ کرنے کیلئے منصوبہ بنا رہا ہے جس کیلئے لوگوں کو تربیت دی جائیگی۔ ہینڈی کرافٹس کے ایکسٹینشن آفیسر محمد اشرف نے بنکروں اور دستکاروں سے کہاکہ امسال دستکاروں کو مزید 1کروڑ 50لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کرے گا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ائے سی سی(آرٹیزن کریڈٹ کارڈ کو دوبار متعار ف کیا گیا ہے اور اب اس اسکیم کے تحت ایک لاکھ کے بجائے 2لاکھ تک کم شرح سود پر قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ جانکاری کیمپ میں 200سے زائد مرد و خواتین دستکاروں نے حصہ لیا ۔