جموں//یونیسف نمائندوں کا ایک وفدکل یہاں وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری سے ملاقی ہوا جس میں جموں وکشمیر میں بنیادی تعلیم سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریاستی حکومت یونیسف انڈیا چیپٹر کے تعاون سے ریاست میں بنیادی تعلیم کے شعبۂ کی مزید بہتری کے لئے کنسپٹ نوٹ پرکام کرے گی۔ یونیسف تعلیم نسواں کو فروغ دینے، انسانی وسائل کی سکل ڈیولپمنٹ اور اساتذہ کی تربیت دینے کے لئے اپنی خدمات دستیاب رکھے گی۔ اس ضمن میں وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں سیکرٹری سکولی تعلیم فاروق احمد شاہ، یونیسف انڈیا کے نمائندے ڈاکٹر یاسمین علی، یونیسف انڈیا سی ای او محترمہ ایوفیرٹ ایفوسی کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری سکولی تعلیم مسرت اسلام، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس اے اور پروجیکٹ ڈائریکٹر اروسہ بھی موجود تھے۔یونیسف نے مختلف رضا کارانہ تنظیموں کے تعاون سے ریاست کے تین اضلاع جس میں بڈگام، لیہہ اور راجوری شامل ہیں، کو پہلے ہی اختیار کیا ہے ۔یونیسف کے سربراہ ڈاکٹر یاسمین علی حق نے سماجی بہبود کے وزیر سجاد لون سے بھی ملاقات کی۔اس موقعہ پر یونیسف انڈیا اور ریاستی حکومت کے نمائندے بھی موجود تھے۔یونیسف نے ریاست جموں وکشمیر میں حالیہ مہینوں کے دوران بچوں کے تحفظ کے لئے حاصل پیش رفت کے لئے وزیر موصوف کی سراہنا کی۔سجاد لون نے وفد کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں موجودہ حکومت بچوں کی بہبود کے لئے کام کر رہی ہے۔ڈاکٹر یاسمین نے وزیر موصوف سے کہا کہ یونیسف عالمی سطح پر بچوں کی بہبود کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں ریاستی انتظامیہ کا مکمل تعاون طلب کیا تا کہ بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔