کوٹرنکہ//کوٹرنکہ بدھل سڑک پردرمن کے مقام پر مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو بند کردیا۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ درمن کے مقام پر عیدالاضحی کے روزایک شخص محمد شبیر ، ماجد مالک کے مکان کی ترائی کر رہاتھا کہ اس کا سر مکان کے اوپر سے گزرنے والی بجلی کی جنرل لائین کے ساتھ لگا اور نتیجہ کے طور پر وہ موقعہ پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔انہوںنے بتایاکہ اس واقعہ کو کئی ہفتے بیت گئے ہیں لیکن آج تک ایس ڈی ایم کوٹرنکہ اور محکمہ بجلی کے افسران نے موقعہ پر آکر یہ نہیں دیکھا کہ نوجوان مزدور کیسے بجلی کے ساتھ لگ کر جاں بحق ہوا۔ان کاکہناتھاکہ وہ آج ایس ایچ او کی یقین دہانی پر سڑک کھول دیتے ہیں لیکن پولیس کو پندرہ دنوں کا وقت دیاجائے گاجس کے اندر اگر کوئی کارروائی نہ ہوئی تووہ بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیںگے ۔انہوںنے کہاکہ مزدور پیشہ شخص کے لواحقین سے انصاف کیاجائے اور گھر سے ایک فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کی جائے ۔