عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں وزارت دفاع کے لیے سب سے زیادہ 7.85 لاکھ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جو کل بجٹ کا 14.68 فیصد ہے اور گزشتہ سال کے بجٹ کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے اتوار کو لوک سبھا میں مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کیا جس میں وزارت دفاع کے لیے 7.85 لاکھ کروڑ روپے کا بندوبست کیا گیا ہے جو تمام وزارتوں میں سب سے زیادہ ہے۔
اس کے بعد وزارت دفاع نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وزارت کو ملنے والی یہ رقم مرکزی بجٹ کا 14.68 فیصد ہے۔ اس کا مقصد فوجی تیاریوں کو مضبوط بنانا، جدت (انوویشن) کو فروغ دینا اور ملک کی قومی سلامتی کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
وزارت نے کہا کہ دفاعی بجٹ تکنیکی اعتبار سے ترقی یافتہ اور خود کفیل مستقبل کی سمت ایک فیصلہ کن قدم ہے۔ یہ 2047 تک ملک کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے وژن کے مطابق ہے۔ اس میں جدید کاری، تکنیکی جدت اور وسائل کے بہترین استعمال کے لیے سادہ اور مؤثر خریداری کے طریقۂ کار پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔
وزارت نے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے وزارت دفاع کے بجٹ میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے۔ مالی سال 2021-22 میں دفاعی بجٹ 4.84 لاکھ کروڑ روپے تھا، 2022-23 میں 5.25 لاکھ کروڑ روپے، 2023-24 میں 5.94 لاکھ کروڑ روپے، 2024-25 میں 6.20 لاکھ کروڑ روپے اور 2025-26 میں 6.81 لاکھ کروڑ روپے تھا۔