راجوری//شہرت یافتہ ماہر ین پر مشتمل اعلی اختیاراتی کمیٹی کے زیر نگرانی قومی انتخابی عمل میں بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے شعبہ زولوجی کو ایک گرانٹ کے لئے منتخب کیا گیا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ تین کروڑ روپے کی فراہمی ہوگی۔یہ رقومات یونیورسٹیوں اور اعلی تعلیمی اداروں (FIS) میں ایس ڈی ٹی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے فنڈ کے تحت حکومت ہند فراہم کرے گی۔حصہ لینے والے 186 اداروں میں سے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی ان سولہ اداروں میں شامل رہی جن کا اس گرانٹ کیلئے انتخاب ہواہے۔ قابل ذکر ہے کہ باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی واحد ادارہ ہے جس کا انتخاب جموں و کشمیر یوٹی سے ہوا ہے۔ یہ گرانٹ بڑی حد تک محکمہ کو جدید ترین آلات سے آراستہ کرکے بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کو بہتر بنائے گی تاکہ اعلی معیار کی تحقیق کو فروغ دیا جاسکے۔ پروفیسر اکبر مسعود ، وائس چانسلر نے شعبہ زولوجی کی حاصل کردہ عظیم کامیابی پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی میں اس قابل قدر گرانٹ کے لئے شعبہ درس و تدریس اور تحقیق کے معیار کی عکاسی ظاہر کرتاہے۔ پروفیسر اکبر نے اس کو ایک اہم کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں سہولیات اور تعلیمی معیارات کی تجدید اور بہتری کے لئے بہت طویل سفر طے ہوگا۔ پروفیسر اکبر مسعود جو خود بائیو کیمسٹری و بائیوٹیکنالوجی کے میدان میں ایک مشہور محقق ہیں، نے کہا کہ وہ یونیورسٹی کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر سراہی جانے والی یونیورسٹی کے طور پر ترقی دینے کے لئے پرعزم ہیں۔ ڈاکٹر علی اصغر شاہ نے کہا کہ شعبہ زولوجی کا FISL سطح – 1 گرانٹ کے لئے انتخاب قابل فخر لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس گرانٹ کا استعمال ایک جدید ترین ایس و ٹی انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے کیا جائے گا جس سے یونیورسٹی میں
ہونے والی تحقیق کے معیار میں اضافہ ہوگا۔ ڈاکٹر شاہ نے 40 اقسام کے ڈی این اے بارکوڈ تیار کیے ، بین الاقوامی شہرت کے جرائد میں کئی تحقیقی مضامین شائع کیے اور حکومت کی مختلف فنڈنگ ایجنسیوں سے 5 بڑے تحقیقی منصوبے مکمل کیے۔ ڈاکٹر شاہ متعدد ایوارڈز حاصل کرچکے ہیں۔ ان کی قیادت میں شعبہ زولوجی یونیورسٹی کا فلیگ شپ شعبہ بن گیا ہے۔