پونچھ//پونچھ قصبہ کی بائولی تا شیو کھوڑی سڑک عرصہ دراز سے خستہ حالی کا شکار تھی جس کی مرمت کے مطالبے پر مقامی لوگوں نے کئی بار احتجاج بھی کیا ۔بالآخر اس سڑک کاکام شروع ہوگیاہے جس سے لوگوںنے راحت کی سانس لی ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ دیر سے ہی سہی مگرمیونسپل کونسل کے زیر اہتمام اس سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا گیا ۔ سماجی کارکن ہرسمرن سنگھ نے کہا کہ یہ سڑک جو کہ سرائے محلہ کی جانب سے باولی تا شیو کھوڑی کو جاتی ہے، محلہ کھوڑی ناڑ، پاور ہائوس اور اعلیٰ پیر کو بھی آپس میں ملاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سڑک کی خستہ حالت کی وجہ سے ان تمام محلہ جات کے ہزاروں لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا تھااورخصوصی طور پر بزرگوں اور بچوں کااس سڑک پر چلنا دشوار ہوگیا تھا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب جب سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا گیا ہے تواسے جلد مکمل بھی کیا جائے گااور یہ کام معیاری طور پر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے عوام کی پریشانیوں کو سمجھتے ہوئے سڑک کی مرمت کا کام شروع کروایا ہے۔