یو این آئی
نئی دہلی/ ہاکی انڈیا نے جمعرات کو سینئر مردوں کے قومی کوچنگ کیمپ کیلئے33رکنی ممکنہ کور گروپ کا اعلان کر دیا ہے ۔ یہ کیمپ یکم فروری سے 7 فروری تک اوڈیشہ کے شہر راورکیلا میں منعقد کیا جائے گا، جس کا بنیادی مقصد آئندہ ماہ ہونے والی ایف آئی ایچ مردوں کی پرو لیگ کیلئے ٹیم کو تیار کرنا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم 10 سے 15 فروری تک راورکیلا کے برسا منڈا انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں گھریلوگراؤنڈ پر اپنے سالانہ مہم کا آغاز کرے گی۔ حالیہ ‘ہیرو ہاکی انڈیا لیگ’ کے اختتام کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کھلاڑی دوبارہ یکجا ہو رہے ہیں۔ اس لیگ نے نہ صرف سینئر کھلاڑیوں کو فارم میں رہنے کا موقع دیا بلکہ نوجوان ٹیلنٹ کو بھی بین الاقوامی اسٹارز کے ساتھ کھیل کر تجربہ حاصل کرنے میں مدد دی۔منتخب کردہ 33 کھلاڑیوں کی تفصیل کچھ یوں ہے ۔گول کیپرز: پون، سورج کرکیرا، موہت ایچ ایس اور پرنس دیپ سنگھ۔
ڈیفینڈرز:امت روہیداس، جرمن پریت سنگھ، سنجے ، ہرمن پریت سنگھ، جگراج سنگھ، سمت، پوونا چندورا بوبی، یشدیپ سواچ، نیلم سنجیو جیس اور امن دیپ لاکڑا۔
مڈ فیلڈرز:راجندر سنگھ، منمیت سنگھ، ہاردک سنگھ، ایم ربی چندر سنگھ، وویک ساگر پرساد، وشنو کانت سنگھ، راج کمار پال، نیلاکانتا شرما، اور روشن کجور۔
فارورڈز:ابھیشیک، سکھجیت سنگھ، شیلانند لاکڑا، مندیپ سنگھ، ارجیت سنگھ ہندل، انگد بیر سنگھ، اتم سنگھ، سیلوم کارتھی، آدتیہ ارجن لالگے ، اور منندر سنگھ۔
کریگ فلٹن (ہیڈ کوچ، ہندوستانی مینس ہاکی ٹیم) نے کہا کہ”ہاکی انڈیا لیگ کے بعد یہ ٹیم میں تبدیلیوں کا بہترین وقت تھا۔ ہم نے کام کے بوجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ سینئرکھلاڑیوں کو آرام دیا ہے اور کارکردگی دکھانے والے نئے چہروں کو موقع فراہم کیا ہے ۔
مستقبل کے اہداف
کوچ کریگ فلٹن کا مزید کہنا تھا کہ راورکیلا اور ہوبارٹ میں ہونے والے پرو لیگ کے مراحل سلیکشن کے عمل کا اہم حصہ ہیں۔ ان مقابلوں کی بنیاد پر ہی ورلڈ کپ اور ایشیائی کھیلوں کے لیے حتمی ٹیم کی تشکیل کی جائے گی۔