منڈی//اڑائی علاقہ کی عوام نے روڈ کی تعمیر نہ ہونے پر تحصیل صدر مقام منڈی میں احتجاج کیا جس دوران انہوںنے تین گھنٹے تک منڈی ۔ساوجیاں ۔لورن سڑک کو ٹریفک کی نقل و حرکت کیلئے بند رکھا ۔عوام نے مولوی محمد فرید کی قیادت میں منڈی پل کو گاڑیوں کی نقل و حمل کے لئے بند رکھ کر حکام اور مقامی لیڈران کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ ایک سال سے منڈی اڑائی سڑک کی مرمت کا کام شروع نہیں کیا گیاہے ۔ان کاکہناہے کہ گزشتہ برس شدید بارش اور طوفان کی وجہ سے اڑائی کٹھ کے مقام پر یہ سڑک پانی کے تیز بہائو میں آکر بہہ گئی تھی جس کی وجہ سے اس کو گاڑیوں کی آمدو رفت کے لئے بند کیا گیا مگر ایک سال گزر جانے کے بعد بھی حکام نے اس سڑک کی مرمت کا کام نہیں کیا۔انہوںنے کہاکہ حکام اور لیڈران نے کہاتھاکہ سڑک پر بہت جلد کام شروع ہوجائے گالیکن ایک سال بیت چکاہے ۔ مولوی محمد فرید نے کہا کہ جس دن یہ سڑک طوفانی بارش کی نذر ہوگئی تھی تو اس کے دوسرے دن وزیر برائے امور صارفین چوہدری ذوالفقار اور ممبر اسمبلی شاہ محمد تانترے نے ضلع انتظامیہ کے ہمراہ علاقہ کا دورہ کیا جس دوران وزیر موصوف نے کہا تھا کہ چند ہی دنوں میں اس سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا مگر اس کے باوجود بھی اس کا کام نہ ہو سکا ۔انہوں نے کہا کہ اڑائی کے لوگ اس حوالے سے متعدد دفعہ ممبر اسمبلی اور ضلع انتظامیہ کے پاس گئے ،انہوں نے محض یقین دہانی کروائی مگر ایک سال سے کام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ اس کی نااہلی کا ثبوت ہے جو کہ اس سڑک کی تعمیر نہیں ہوسکی ۔ محمد الطاف نامی شخص نے کہا کہ ایک سال سے وہ اس سڑک سے پیدل سفر کرتے آرہے ہیں اور علاقہ کے لوگوں کو سڑک نہ ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا مگر اس کی تعمیر نہیں کی جارہی ۔انہوں نے کہا کہ اگر تین دن کے اندر اس سڑک پر کام نہ شروع کیا گیا تو یہاں کی عوام مستورات سمیت تحصیل کمپلیکس کا گھیرائو کریں گے۔احتجاج کی وجہ سے منڈی۔ لورن۔ ساوجیاں سڑک تین گھنٹے تک گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے مسدود رہی جس سے عام لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔بعد ازآں نائب تحصیلدار منڈی عابد صفوی نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ دو دن کے اندر اس سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گاجس پر احتجاج ختم کیا گیا ۔