عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/انتخابی اصلاحات پر بحث کے لیے متحرک اپوزیشن نے منگل کو راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ آرائی کی، جس سے ایوان بالا کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔میز پر قانون سازی کے دستاویزات رکھنے کے بعد چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے اراکین کو مطلع کیا کہ انہیں قاعدہ 267 کے تحت تحریک التواء کے لیے 20 نوٹس موصول ہوئے ہیں تاکہ پانچ معاملات پر بحث کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام نوٹس قواعد کے مطابق نہیں تھے اس لیے انہیں قبول نہیں کیا گیا۔جیسے ہی چیئرمین نے یہ کہا، اپوزیشن اراکین کھڑے ہو گئے اور انتخابی اصلاحات اور ووٹر لسٹوں کے خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) پر بحث کا مطالبہ کیا۔
ان کے مطالبے کو نظر انداز کرتے ہوئے چیئرمین نے وقفہ صفر کارروائی شروع کی۔ انہوں نے راشٹریہ جنتا دل کے رکن پارلیمنٹ پروفیسر منوج جھا کو اپنا مسئلہ اٹھانے کی اجازت دی، لیکن مسٹر جھا نے اپنے موضوع پر بولنے کے بجائے انتخابی اصلاحات پر بحث کا مطالبہ کیا۔ ان کی طرح کئی اپوزیشن ارکان نے بھی یہی مطالبہ کیا لیکن چیئرمین نے انہیں اس موضوع پر بولنے کی اجازت نہیں دی۔قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے نے کہا کہ چیئرمین نے بغیر کوئی وجہ بتائے ارکان کے نوٹس کو مسترد کردیا اور نہ ہی انہوں نے نوٹس کے موضوع یا ارکان کے ناموں کا ذکر کیا، حالانکہ یہ ایوان میں معمول ہے۔ انہوں نے چیئرمین سے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر بحث شروع کرنے کی درخواست کی۔ ڈی ایم کے کے تروچی سیوا نے بھی ایک پوائنٹ آف آرڈر اٹھایا اور چیرمین سے اپوزیشن ارکان کی بات سننے کی درخواست کی۔ہنگامہ آرائی کے درمیان چیئرمین نے وقفہ صفر کی کارروائی جاری رکھی تاہم اپوزیشن کے مسلسل ہنگامہ آرائی کو دیکھتے ہوئے انہوں نے ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی۔
اپوزیشن کے ہنگامے کے باعث راجیہ سبھا کی کارروائی دوپہر دو بجے تک ملتوی