جموں//سی پی آئی (ایم) کے سینئرلیڈراورممبراسمبلی کولگام محمدیوسف تاریگامی نے حکومت سے آنگن واڑی ورکروں اورہیلپروں کی واجب الادامشاہروں کی ادائیگی کامطالبہ کیاہے۔ایک بیان میں محمدیوسف تاریگامی نے کہاکہ آنگن واڑی ورکراورہیلپر گذشتہ کئی دنوں سے جموں میں احتجاجی دھرنے پر ہیں لیکن حکومت نے ان کی مانگوں کی طرف نہ کوئی توجہ دی ہے اورنہ ہی کوئی وزیران کے مسائل سننے کیلئے پہنچاہے۔ انہوں نے کہاکہ 1975سے آئی سی ڈی ایس سکیم کے تحت آنگن واڑی ورکرس اورہیلپرس قلیل مشاہرے بالترتیب 3600روپے اور1800روپے ماہانہ پرکام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اتناہی نہیں ان ورکروں کو نہ توپنشن کے فوائددیئے جارہے ہیں اورنہ ہی انہیں دیگرسہولیات میسر ہیں۔انہوں نے کہاکہ احتجاجی دھرنے پربیٹھے آنگن واڑی ورکروں اورہیلپروں کامطالبہ ہے کہ ان کے مشاہرے دہلی ودیگرپڑوسی ریاستوں میں آئی سی ڈی ایس ورکروں کودئے جانے والے مشاہرے بالترتیب 10ہزاراور5ہزارروپے کے برابرکی جائیں۔تاریگامی نے کہاکہ آنگن واڑی ورکروں اورہیلپروں کی مانگ جائزہے اسلئے ریاستی حکومت کوچاہیے کہ وہ بلاتاخیران کی مانگوں کوپوراکرے۔