گوہاٹی//(یو این آئی// آسام میں وِشال برہمپُتر اور اس کی معاون ندیوں کا پانی نئے علاقوں میں داخل ہونے سے تقریباً 5.70 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ ضلع موری گاؤں میں ایک لڑکے کی سیلاب میں ڈوبنے سے ہوئی موت سے ریاست میں اب تک سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد تین ہو گئی ہے ۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے ) نے کہا کہ ریاست کے 18 اضلاع میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً 5.74 تک پہنچ گئی ہے ۔ آسام کے 18 اضلاع میں کم از کم 1278 گاؤں سیلاب کے قہر کا سامنا کر رہے ہیں۔ ریاست میں درانگ اور لکھیم پور کے بعد نالابڑی ضلع سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہ ضلع ہے ۔ ریاست میں 3983191 ہیکٹیئر قابلِ زراعت زمین سیلاب سے متاثر ہوئی ہے جس میں کئی علاقوں میں کھڑی فصل کو شدید نقصان ہوا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے آسام کے وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا سرما سے موجودہ سیلاب کی صورتحال پر بات کی ہے اور بحران سے نمٹنے کے لیے مرکز کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ آسام کے 14 اضلاع میں حکومت کی جانب سے 105 سے زیادہ ریلیف کیمپ اور ڈسٹریبیوشن سینٹر قائم کیے ہیں۔ اے ایس ڈی ایم اے نے کہا کہ سیلاب کے سبب 3.5 لاکھ سے زیادہ گھریلو مویشی اور پولٹری فارم سیکٹر (مرغی پروری) متاثر ہوئے ہیں۔