ڈوڈہ //کانگریس کے سینئررہنما غلام نبی آزاد کے خلاف گذشتہ دنوں جموں نکالے گئے احتجاجی جلوس پر ڈوڈہ خطہ کی سیول سوسائٹی نے شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ کو افسوسناک قرار دیا۔ نوجوانوں کے ایک گروپ نے شاہنواز چوہدری کا پتلا نذر آتش کرتے ہوئے اس کے خلاف نعرے بازی کی۔تفصیلات کے مطابق ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و بھلیسہ میں سیول سوسائٹی ممبران نے پارٹی مفاد سے بالاتر ہو کر آزاد کے خلاف کئے گئے احتجاج پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے پچاس سال کانگریس پارٹی کے لئے صرف کئے لیکن پھر بھی ان پر کچھ مفاد پرست انگلیاں اٹھاتے ہیں۔ادھر نوجوانوں کے ایک گروپ نے ڈاکٹر اشتیاق راتھر کی قیادت میں بھلیسہ میں ایک احتجاج کیا جس دوران انہوں نے شاہنواز چوہدری کا پتلا نذر آتش کیا اور اس کے خلاف نعرہ بازی کی۔. اس موقع پر سریندر شرما، مشتاق زرگر ،یاور حسین و توصیف احمد نے آزاد کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایسے پارٹی کارکنوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔