بانہال// جمعرات کے روز پرنسپل سیکریٹری برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن جموں کشمیر ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے آئی ٹی آئی بانہال کا دورہ کیا اور وہاں مختلف ٹریڈوں میں سکھائے جانے والے کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جوائنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایجوکیشن جموں فاروق احمد خان بھی موجود تھے۔ پرنسپل سیکریٹری نے ڈاکٹر اصغر سامون نے آئی ٹی آئی بانہال میں موجودہ ٹریڈ کے حوالے سے خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جتنے بھی ٹریڈ اس آئی ٹی آئی میں سکھائے جا رہے ہیں ان میں مزید بڑھاوا دیا جائے گا اور مزید ٹریڈ الاٹ کئے جائیںگے تاکہ پڑھے لکھے بیروزگار نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر بنایا جاسکے۔اپنے دورے کے دوران اصغر سامون نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بانہال آئی ٹی آئی کی بس سروس کو جلد ہی دوبارہ بحال کیا جائے گا اور ساتھ ہی ساتھ یہاں مزید کاموں کی بھی ضرورت ہے جن کو جلد پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹیکنیکل ایجوکیشن میں جو کنٹریکچول اور نیڈ بیس کے طور پر ملازم کام کر رہے ہیں ان کی تنخواہیں بھی جلد ہی بڑھا دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ڈیپارٹمنٹ کی کوشش ہے کہ یہاں کے نوجوانوں کو ٹیکنیکل ٹریننگ کی طرف راغب کیا جائے تاکہ مستقبل میں تربیت یافتہ نوجوان اپنا روزگار خود حاصل کر سکیں۔ انہوں نے وہاں تعینات سٹاف سے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔