جموں/ مال ، حج و اوقاف کے وزیر عبدالرحمان ویری نے جموں شہر کا تفصیلی دورہ کر کے وہاں اوقاف محکمہ کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیرنے جامع مسجد ، مفتی محمد سعید سٹوڈنٹس ہوسٹل اور کنجونی کا دورہ کر کے اوقاف اسلامیہ کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔کمشنر سیکرٹری مال شاہد عنایت اللہ کے علاوہ کئی دیگر افسرا ن بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔اُنہوں نے جامع مسجد تالاب کٹھیکاں کا دورہ کر کے وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا۔اس موقعہ پر وزیر کو بتایا گیا کہ محکمہ سیاحت مسجد کے مینار تعمیر کرے گا جبکہ بیت الخلاء کمپلیکس کی تعمیر جموںمیونسپل کارپوریشن عمل میں لائے گا۔ اس دوران جامع مسجد کمیٹی کے ارکان کے ساتھ بات کرتے ہوئے ویری نے کہا کہ اوقاف کو مسجد کی تعمیر مکمل کرنے کے لئے ہرممکن مدد فراہم کی جائے گی۔مفتی محمد سعید سٹوڈنٹس ہوسٹل کا دورہ کر نے کے دوران وزیر کو بتایا گیا کہ وہاں 100طلاب کو رہائشی سہولیات بہم کرائی جائیں گی ۔ اُنہیں بتایا گیا کہ اس پروجیکٹ پر 6کروڑ روپے صرف کئے جاچکے ہیں۔بعد میں وزیر نے کنجونی کا دورہ کر کے اوقاف محکمہ کے پاس اراضی سے متعلق تفاصیل طلب کیں۔ اُنہیں بتایا گیا کہ اس وقت اوقاف محکمہ کے پاس کنجوانی میں 375کنال اراضی موجود ہے۔اے آر ویری نے افسروں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اوقاف اراضی کا استعمال اثاثے تعمیر کرنے کے لئے کیا جانا چاہیئے اور وہاں لوگوں کے لئے سہولیات قائم کئے جانے چاہئیں۔