سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہاکہ بار بار بجلی اور پانی سپلائی کی کٹوتی کے علاوہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے سے جموں وکشمیر کے لوگ اس وقت مشکل وقت سے گذر رہے ہیں۔ ایک تقریب جس میں دیوسرکولگام سے معروف سیاسی کارکنان نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی، سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ ماہ رمضان کے حوالے سے انتظامیہ نے جو بلند دعوے کئے تھے، اُنہیں عملی جامہ بھی پہنایاجائے۔ انہوں نے کہا’’یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ لوگوں کو اِس ماہ مقدس میں سحروافطار کے وقت لگاتار بجلی کٹوتی کا سامنا ہے، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں، انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے دعوؤں کے برعکس زمینی صورتحال بالکل مختلف ہے‘‘۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ صورتحال کا جائزہ لیں اور فوری طور لوگوں کی مشکلات حل کرنے کے لئے اقدامات کرنے کے لئے احکامات صادر کریں۔ بخاری نے کہا’’انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ انتظامیہ لوگوں کو بلاخلل ضروری خدمات فراہم کرنے اور ماہ ِ رمضان کے دوران قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے میں ناکام رہی ہے ‘‘۔اس موقع پر انہوں نے اِس عزم کا اعادہ کیاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ ریاستی درجہ کی بحالی سے متعلق کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا’’ریاستی درجہ کی بحالی جموں وکشمیر کی مجموعی ترقی کے لئے ناگزیر ہے اور پارٹی لیڈرشپ اِس کے لئے کام کرنے کی وعد ہ بند ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مرکزی قیادت کے ساتھ مثبت طریقہ کے ساتھ اِس معاملہ کی پیروی کر رہے ہیں اور پختہ یقین ہے کہ جلد ہی جموں وکشمیر کے لوگوں کی خواہشات کو پورا کیاجائے گا۔ بخاری نے کہاکہ عوامی مفادات ہمیشہ اپنی پارٹی ایجنڈہ میں توجہ کے مرکز رہے ہیں اور روز ِ اول سے ہی اِس کے لئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے۔ اس دوران پارٹی میں شمولیت کرنے والوں میں نیشنل کانفرنس یوتھ ضلع صدر فیاض احمد شاہ، پیپلز کانفرنس سابق حلقہ صدر عبدالحمید بخشی کے علاوہ بشیر احمد وانی، محمد اقبال بھٹ، غلام محی الدین خان، خورشید احمد وانی، بشیر احمد وانی، محمد اسماعیل وانی، فیاض احمد بٹ، عاشق حسین اور عادل احمد وانی قابل ِ ذکر ہیں۔ پارٹی صدر کے علاوہ سابق وزیر اور سنیئر پارٹی لیڈر محمد دلاور میر، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، ریاستی سیکریٹری منتظر محی الدین، میڈیا ایڈوائزرفاروق اندرابی بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ کولگام سے گل محمد تانترے، سمیراحمد خان، آصف احمد بٹ، ریاض احمد ڈار، سبزار احمد میر اور عبدالحمید بٹ بھی تقریب میں موجود تھے۔ نئے ساتھیوں نے پارٹی لیڈرشپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تندہی سے عوامی مشکلات کے لئے متعلقہ علاقوں میں کام کرنے اور پارٹی کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔