انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی | ڈوڈہ میں 2راشن ڈیلر معطل

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //ضلع الیکشن افسر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزام میں محکمہ خوراک شہری رسادات و امور صارفین کے دو راشن ڈیلروں کو معطل کیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ ڈوڈہ کی جانب سے جاری حکم نامہ کے مطابق نیاز احمد زرگر ولد غلام قادر ایف پی ایس ڈیلر مندھار کاستی گڑھ و پرویز احمد ولد عبدالسبحان ایف پی ایس ڈیلر بیلی چناڑہ بھٹیاس کے خلاف حالیہ پارلیمانی انتخابات کے دوران سیاسی گرمیوں میں ملوث ہونے کی کئی شکایات موصول ہوئیں اور تمام ذرائع سے تحقیقات و جانچ پڑتال کرنے بعد مذکورہ ڈیلروں کی سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے و انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت ہوئیں جس پر انہیں معطل کیا گیا۔ڈی ایم نے متعلقہ محکمہ کے اے ڈی سے ان کا متبادل تلاش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ضلع الیکشن افسر ڈوڈہ نے سبھی عارضی ملازمین، ڈیلی ویجر ورکرز ،کنٹریچول و اڈہاک بنیادوں پر کام کررہے ملازمین کو کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیاں چلانے سے خبردار رہنے و خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔