سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ مختلف صورتوں میں تشدد نے جموں وکشمیر میں امن، خوشحالی اور اچھی حکمرانی کو بُری طرح متاثر کیا ہے۔ بخاری چوگان میدان کشتواڑمیں منعقدہ پارٹی کے یک روزہ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جس میں کثیر تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ نوجوانوں سے تشدد کا راستہ ترک کر کے خطہ میں امن واستحکام میں اپنا تعاون پیش کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ’’مسلح تشدد نے ترقی، امن اور اچھی حکمرانی پر منفی اثرات مرتب کئے ہیں جس سے عوامی ادارے کمزور ہوئے اوربدعنوانی کا ماحول پیدا ہوا‘‘۔ بخاری نے کہاکہ امن وہم آہنگی جموں وکشمیر میں ترقی وخوشحالی کے لئے ناگزیر ہے، گذشتہ روز سرینگر میں نوجوان پولیس افسر جو ابھی پروبیشن پر تھا ،کا سفاکانہ قتل کیاگیا۔ اِس سانحہ نے صرف اکیلے اُس کے خاندان کو تکلیف نہیں پہنچائی بلکہ کشمیر میں پہلے سے اذیت ناک صورتحال میں اضافہ کیا ہے۔اپنی پارٹی صدر نے کہاکہ جموں وکشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جن کو بروئے کار لاکر سابقہ ریاست کے ہر گھر کی معاشی صورتحال بہتر بن سکتی ہے۔ اس کے لئے ہم سب کو تعاون دینے اور ایسا ماحول قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ اِن وسائل کا استعمال کیاجاسکے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو اُن کا بیان یاد دلاتے ہوئے، جس میں انہوں نے کہاکہ تھاکہ جموں وکشمیر میں بڑے پیمانے پر ترقی ہونی چاہئے ، بخاری نے افسوس ظاہر کیاکہ کشتواڑ کے نوجوان خود کو نظر انداز اور الگ تھلگ محسو س کرتے ہیں جوخطہ میں پن بجلی پروجیکٹوں میں بھرتی عمل سے مایوس ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے اپیل کی کہ پن بجلی پروجیکٹوں میں مقامی لوگوں کو روزگار دیاجائے۔ بخاری نے کہاکہ خطہ میں 20ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے بشرطیکہ حکومت اِس صلاحیت کا بھر پور استعمال کرنے کے لئے اقدامات اُٹھائے۔ اگر چہ حکومت نے کشتواڑ میں تین اہم پروجیکٹوں پر کام شروع کیا ہے مگر اِس میں مزید اضافہ انتہائی ضروری ہے۔ کمپنیاں جنہیں ٹینڈر الاٹ ہورہے ہیں، کو چاہئے کہ وہ ہنراور غیر ہنر یافتہ مقامی افرادی قوت کو ہی استعمال کریں تاکہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے اچھے خاصے مواقع ملیں۔ اپنی پارٹی صدر نے کشتواڑ کے قدرتی حسن کی بھی تشہیر کرنے پرزور دیا جس میں عالمی سطح کے سیاحتی مرکز بننے کی صلاحیت ہے۔ اگر چہ کشتواڑ کو ایک بہترین سیاحتی مقام کے طور ترقی دی جاسکتی ہے لیکن بنیادی ڈھانچہ کی سہولیات ، ناقص رابطہ سڑک، طبی سہولیات، ہوٹل، سیاحتی ہٹس اور خراب مواصلاتی نظام اِس خواب کو شرمندہ تعبیر ہونے میں رکاوٹ ہیں۔ اس سے مقامی لوگوں کو بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقعے بھی مل سکتے ہیں جوکہ پچھلے کئی سالوں سے ترقی کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے گرما وسرما کے دوران 6000کروڑ روپے بجلی خرید پر خرچ کرنے کے جموں وکشمیر حکومت کے ریمارکس کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہاکہ اگر حکومت سالانہ اتنی رقم خرچ کرتی ہے تو یہ اپنے لوگوں پر احسان نہیں کر رہی ہے۔ یہ سبسڈی ہے جوکہ 1.25کروڑ لوگوں کو اُن کے قدرتی وسائل کا استعمال کر کے ملک بھر کے لئے بجلی تیار کرنے کے عوض اُنہیں دی جاتی ہے۔ بخاری نے اپنے اس عزم کا دوہرایاکہ اگر اپنی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو فی گھر کو ماہانہ 300یونٹ بجلی مفت دی جائے گی۔ اس موقع پر اپنی پارٹی سنیئر نائب صدر غلام حسن میر نے کہاکہ کشتواڑ معدنیات سے مالامال ہے جس میں نیلم، ماربل اور جپسم کی بھرمار ہے لیکن بدقسمتی سے اِن شعبہ جات کو ترقی دینے کی طرف توجہ ہی نہ دی گئی۔